جعلی پائلٹ لائسنس معاملہ، ویتنام نے پاکستان کے کتنے پائلٹس کو معطل کر دیا ؟ بڑی خبر

جعلی پائلٹ لائسنس معاملہ، ویتنام نے پاکستان کے کتنے پائلٹس کو معطل کر دیا ؟ ...
جعلی پائلٹ لائسنس معاملہ، ویتنام نے پاکستان کے کتنے پائلٹس کو معطل کر دیا ؟ بڑی خبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ہنوئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )ویتنام کی ایوی ایشن اتھارٹی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ انہوں نے مختلف مقامی ایئر لائنز کیلئے کام کرنے والے پاکستان کے تمام پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روک دیا ہے ، یہ فیصلہ گلوبل ریگولیٹرز کے درمیان کچھ پاکستانی پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے کو لے کر پائی جانے والی تشویش کے پیش نظر کیا گیاہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ” رائٹرز“ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی حکومت نے گزشتہ ہفتے 262 پائلٹس کے لائسنس کو مشکوک قرار دیا تھا جس کے بعد انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز کے پائلٹ لائسنسوں میں پائی جانے والی بے ضابطگیاں حفاظتی اقدامات میں ایک ” سنگین خرابی “ کی نمائندگی کرتی ہیں ۔
ویتنام کی سول ایوی ایشن کی جانب سے ویتنامی ایئر لائنز کیلئے کام کرنے والے تمام پاکستانی پائلٹس کو معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا گیاہے ، یہ معطلی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایوی ایشن کی جانب سے مزید کوئی حکم جاری نہیں کیا جاتا ۔ویتنام کی سول ایوی ایشن کا کہناتھا کہ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ پائلٹس کی پروفائلز پر نظر ثانی کی جا سکے ۔
ویتنام میں اس وقت مجموعی طور پر 27 پاکستانی لائسنس رکھنے والے پائلٹس ہیں جن میں سے اس وقت 12 مصروف عمل تھے جبکہ دیگر 15 کورونا وائرس یا پھر کنٹریکٹ کی معیاد پوری ہونے کی وجہ سے غیر فعال تھے ۔
فعال 12 پائلٹس میں سے 11 پائلٹس ” ویت جیٹ ایوی ایشن “ کیلئے کام کر رہے تھے جبکہ ایک پائلٹ ” جیٹ سٹار پیسفک “ کے ساتھ منسلک تھا ۔ویتنامی ایوی ایشن کا کہناتھاکہ ویتنام ایئر لائنز اور بمبو ایئر ویز پاکستان کا کوئی پائلٹ استعمال نہیں کر رہی تھیں ، ویتنامی ایئر لائنز کے پاس اس وقت مجموعی طور پر 1260 پائلٹس ہیں جن میں سے تقریبا آدھے غیر ملکی شہریت رکھتے ہیں ۔