سوشل میڈیا پر اپنی تصویروں کے ذریعے خود کو ارب پتی ظاہر کر کے لوٹنے والا شخص پکڑا گیا

سوشل میڈیا پر اپنی تصویروں کے ذریعے خود کو ارب پتی ظاہر کر کے لوٹنے والا شخص ...
سوشل میڈیا پر اپنی تصویروں کے ذریعے خود کو ارب پتی ظاہر کر کے لوٹنے والا شخص پکڑا گیا

  

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا کے ایک سوشل میڈیا سٹار کو اپنی لگژری زندگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔ دبئی میں گرفتار کر لیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق 38سالہ ریموند عباس نامی یہ شخص انسٹاگرام پر کافی مقبول تھا جہاں اسے 24لاکھ سے زائد لوگوں نے فالو کر رکھا تھا۔ اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر وہ اپنی لگژری زندگی کی تصاویر پوسٹ کرتا تھا۔ کسی تصویر میں وہ مہنگے برانڈز کے سٹورز پر ڈھیروں شاپنگ کر رہا ہوتا ہے، کہیں مہنگی ترین کاروں کے مزے لے رہا ہوتا ہے اور کہیں نجی جہاز پر سوار ہو رہا ہوتا ہے۔

ریموند کی یہ تصاویر سامنے آنے پر سائبر فراڈ کے الزام میں اسے گزشتہ روز ایف بی آئی نے حراست میں لے لیا۔ وہ دبئی میں اپنی اپارٹمنٹ میں سو رہا تھا جب ایف بی آئی نے چھاپہ مارا۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ملزم سوشل میڈیا پر اپنی لگژری زندگی کی نمائش کرکے ہی لوگوں کو اپنا شکار بناتا تھا۔ وہ اب تک یورپ، امریکہ اور نائیجیریا سمیت کئی ممالک کے لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹ چکا تھا۔ تفتیش کاروں کا دعویٰ ہے کہ ریموند  مختلف ممالک کے لوگوں سے اب تک مجموعی طور پر 35کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 72ارب 30کروڑ روپے) لوٹ چکا ہے۔

ملزم کے قبضے سے بے شمار فون اور کمپیوٹر برآمد ہوئے ہیں جن میں 20لاکھ سے زائد لوگوں کے ای میل ایڈرس موجود تھے۔ ان میں سے بیشتر کو وہ لوٹ چکا تھا۔اس کے علاوہ اس کے گھر سے کئی لگژری کاریں اور کیش سے بھرا ایک سوٹ کیس بھی برآمدہوا۔ دبئی پولیس سی آئی ڈی کے بریگیڈیئر جمال الجلف کا کہنا تھا کہ” ملزم معروف کمپنیوں اور بینکوں کے نام سے جعلی ویب سائٹس بناتا تھااور ان کے ذریعے اور اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے ذریعے وہ لوگوں کی کریڈٹ کارڈز کی معلومات چوری کرتا، ان کی رقوم ان کے بینک اکاﺅنٹس سے نکلوا کر منی لانڈرنگ کے ذریعے اپنے پاس منگواتا تھا۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -