پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فیورٹ کون ہے؟ سعید اجمل نے بتا دیا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فیورٹ کون ہے؟ سعید اجمل نے بتا دیا
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان فیورٹ کون ہے؟ سعید اجمل نے بتا دیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹرسعید اجمل نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز میں انگلش ٹیم کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے بغیر تماشائیوں کے میچزچ کو ”ڈیف کرکٹ“ کا نام دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹرسعید اجمل کا کہنا ہے بغیرتماشائیوں کے کرکٹ میچز بوریت سے بھرپور ہوں گے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے ڈیف کرکٹ کا میچ ہو۔ بہتر ہے کہ بائیو سیکیور ماحول میں 15 سے 20 فی صد تماشائیوں کو گراﺅنڈ میں بیٹھ کر میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں پاکستان کی کامیابی کے امکانات بہت کم ہیں اور ایک میچ جیتنا بھی غنیمت ہو گا۔ نئے قوانین کے تحت میچزانگلینڈ میں تو چل جائیں گے مگر دبئی وغیرہ میں پاکستان کو پریشانی ہو گی۔ منتظمین کو چاہئے کہ 10 ہزار تماشائیوں والے سٹیڈیم میں ایک ہزار تماشائیوں کو آنے دیا جائے۔

پاکستانی ٹیم کمبی نیشن پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ان کیلئے انگلینڈ سیریز مشکل ہو گی اور مجھ سے پوچھا جائے تو پاکستان کیلئے سیریز جیتنا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ قومی ٹیم سیریز میں ایک آدھ میچ جیت جائے تو بڑی بات ہوگی لیکن بطور پاکستانی میری دعا ہے کہ قومی ٹیم سیریز میں اچھا پرفارم کرے۔

سعید اجمل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کو بیٹنگ کوچ تعینات کرکے بہترین فیصلہ کیا ہے کیونکہ یونس خان کی ڈریسنگ روم میں موجودگی بلے بازوں کیلئے مدد گار ہوگی۔ نوجوان کھلاڑیوں کو مصباح الحق ،یونس خان ، وقار یونس اور مشتاق احمد سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

مزید :

کھیل -