کرکٹ میں اب جشن بھی ”بائیو سیکیور“ منایا جائے گا، کھلاڑیوں کو لیکچر میں کیا بتایا گیا؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

کرکٹ میں اب جشن بھی ”بائیو سیکیور“ منایا جائے گا، کھلاڑیوں کو لیکچر میں کیا ...
کرکٹ میں اب جشن بھی ”بائیو سیکیور“ منایا جائے گا، کھلاڑیوں کو لیکچر میں کیا بتایا گیا؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے سائے تلے بحال کرنے والی کرکٹ میں اب جشن بھی ”بائیو سیکیور“ منایا جائے گا اور اس حوالے سے انگلش کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز سے قبل لیکچر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں انہیں ایس او پیز سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے جہاں اطوارزندگی تبدیل کئے وہیں اس نے کرکٹ کے روایتی طور طریقوں پر بھی گہرا اثر ڈالا ہے، عالمی وباءپھیلنے کے بعد 8 جولائی سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے پروفیشنل کرکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے دونوں ہی ٹیمیں اس وقت بائیوسیکیور ببل میں ہیں جنہیں اپنے متعلقہ گراﺅنڈز سے متصل ہوٹلزمیں ٹھہرایا گیا اور سماجی فاصلے سمیت تمام ضروری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے دوران میچ جہاں گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی ہوگی وہیں پر کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ وکٹ، چھکے چوکے یا فتح کا جشن منانے کے پرانے طریقے بھی فی الحال بھول جائیں، کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے کی اجازت ہوگی نہ ہی وہ گلے لگ سکیں گے، ہائی فائیو بھی نہیں کرنے دیا جائے گا البتہ خوشی منانے کیلئے زیادہ سے زیادہ وہ مکے آپس میں ٹکرا سکتے یا پھر اپنی کہنی سے دوسرے کھلاڑی کی کہنی کو چھو سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق انگلش کھلاڑیوں کو ”بائیوسیکیور جشن“ کیلئے سیریز سے قبل ایک بار پھر خصوصی لیکچر دیا جائے گا جبکہ یہی لیکچر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی ملے گا تاکہ سیریز کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے حتی الامکان کوششیں کی جا سکیں۔ یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈکے کھلاڑی بالترتیب مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اور ساﺅتھمپٹن کے روز باﺅل میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، اس دوران بھی وہ ایک دوسرے کے قریب آنے سے گریز کرتے ہیں۔

مزید :

کھیل -