المصطفٰی ویلفیئر ٹرسڑ غزہ میں مسلمان بھائیوں کی امداد کیلئے متحرک 

المصطفٰی ویلفیئر ٹرسڑ غزہ میں مسلمان بھائیوں کی امداد کیلئے متحرک 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (سٹی رپورٹر) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے غزہ کے متاثرین  میں سوا دو کروڑ  روپے کی امداد تقسیم کی   جس میں  خوراک اور ادویات شامل ہیں یہ بات  المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجدنے دورہ فلسطین سے واپسی پربتایا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پر حملوں کے وقت سے ہی فلسطین میں المصطفیٰ کے رضاکار  حرکت میں آگئے تھے جنہوں نے فرنٹ لائن ورکرز کے ساتھ  مظلوموں کی داد رسی کی  برطانیہ سے فلسطین جانے والی المصطفیٰ کی ٹیم نے ہسپتالوں میں زیر علاج فلسطینی بچوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف اور ادویات تقسیم کیں۔ المصطفیٰ کے وفد نے مسجد اقصی کے امام اور ڈائریکٹر شیخ عمر فہمی الکسوانی سے بھی ملاقات کی۔ عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ غزہ سے جانیں بچا کر مصر اور اردن کے سرحدی علاقوں میں آ کر کیمپوں میں رہنے والے مہاجرین کی حالت زار انتہائی تشویشناک ہے۔ مہاجرین کے ان کیمپوں میں مارچ کے آخر تک کرونا کے 48 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں اور ہزاروں غذائی قلت کا شکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں خود“ المصطفے“ کی ٹیم کے ہمراہ فلسطین کے ان علاقوں کا دورہ کر کے آیا ہوں، جہاں ہزاروں زخمی فلسطینی جھونپڑیوں میں ابتدائی طبی امداد اور خوراک سے محروم بے یار و مددگار پڑے ہیں۔ غزہ کی تعمیر نو وقت کی اہم ضرورت اور چیلنج ہے۔انہوں نے بتایا کہ“ المصطفے“ کے وفد کو مسجد اقصی کے امام اور ڈائریکٹر شیخ عمر الکسوانی نے ملاقات کے دوران آگاہ کیا کہ حالیہ بمباری سے مسجد اقصی کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مسجد اقصی کی مرمت کا تخمینہ دو لاکھ پاؤنڈ سے زیادہ ہے۔ عبدالرزاق ساجد نے اعلان کیا کہ“ ہم“ المصطفے“ کے پلیٹ فارم پر مسجد اقصی کی مرمت کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ہر قسم کا مالی تعاون کریں گے۔