وزیراعظم عمران خان کا موقف قوم کی آواز: امریکہ کو ہوائی اڈے نہ دینے کا موقف بر قرار رہیگا، وزیردفاع 

وزیراعظم عمران خان کا موقف قوم کی آواز: امریکہ کو ہوائی اڈے نہ دینے کا موقف ...

  

اسلام آباد (آئی این پی)وزیر دفاع  پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امریکہ کو ہوائی اڈے نہ دینے کا موقف برقرار رہے گا۔ ملکی اڈے نہ دینے کے حوالے سے وزیر اعظم کا موقف عوام کی آواز ہے۔ ہم کسی کے غلام نہیں ہیں، ملکی سلامتی سے متعلق فیصلے خود کرینگے۔ پاکستان ہمارا ملک ہے۔پیر کو وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیر اعظم کی جانب سے اراکین اسمبلی کو دیئے گئے عشائیے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عشائیے میں تمام حکومتی اتحادیوں نے شرکت کی ہے۔ اپوزیشن کا کوئی پریشر نہیں ہے۔ بجٹ آسانی سے پاس کرالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے معاہدہ ہے کہ اسمبلی کو اسمبلی کے طور پر چلانا ہے۔ اور سب نے دیکھا کہ اسمبلی اچھے انداز میں چل رہی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کو بہتری کی جانب لے کر جانا چاہتے ہیں لیکن راستے میں رکاوٹیں بہت ہیں۔ تمام مشکلات کے باوجود وزیر اعظم قوم سے اپنے وعدے پورے کرینگے۔ وزیر دفاع نے  بارڈر پر کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ بارڈرز پر عرصے سے کشیدگی جاری ہے ہمارے اور ہندوستان کے درمیان حالات اچھے نہیں ہیں۔ وزیر اعظم نے کوشش کی کہ ہندوستان سے حالات بہتر ہو سکیں لیکن ہندوستان کی نیت خراب ہے، پاکستان لڑائی نہیں چاہتا ۔ ہم کشمیر کے مسئلے کاحل چاہتے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ امریکہ کو ہوائی اڈے نہ دینے کا موقف برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جب تک حل  نہیں ہوتا تب تک سرحد وں کے حالات درست نہیں ہو سکتے۔ ہمارا دفاع مضبوط ہے ہمارے جوان دین اور ملک کے لئے لڑتے ہیں۔

پرویز خٹک

مزید :

صفحہ آخر -