کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال کی: دفترخارجہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا، دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کا بیان اقوام متحدہ رپورٹس اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے، پچھلے کئی سالوں میں تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان میں متعدد دہشتگرد حملے کیے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال کی، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مقاصد کو تسلیم کیا گیا۔ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کا بلا امتیاز دہشتگردی کیخلاف ہر طرح کا مقابلہ کرنے کا عزم واضح ہے، پاکستان نے امن کیلئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے موثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان انٹرا افغان امن عمل کو آسان بنانے کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، امید ہے افغانستان میں دیرپا امن کیلئے افغان موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔
دفتر خارجہ