معروف فوک گلو کار اللہ دتہ لونے والا 70برس کی عمر میں انتقال کر گئے

  معروف فوک گلو کار اللہ دتہ لونے والا 70برس کی عمر میں انتقال کر گئے

  

لاہور(فلم رپورٹر) عالمی شہرت کے حامل پرائڈ آف پرفارمنس فوک گلوکار اللہ دتہ لونے والا 70برس کی عمر میں گزشتہ روز چنیوٹ میں انتقال کرگئے مرحوم کافی عرصہ سے علیل تھے ان کی نماز جنازہ دو روز بعد ان کے بیٹوں کے بیرون ملک سے پاکستان آنے کے بعد ادا کی جائے گی۔اللہ دتہ لونے والا نے اپنے طویل فنّی کیرئیر کے دوران لاتعداد گیت گائے جن میں سے کافی گانے مقبول عام ہوئے۔سال 2015ء میں معروف لوک گلوکار اللہ دتہ لونے والا کو پرائڈ آف پنجاب ایوارڈ دیا گیاتھا۔ اس ایوارڈ کے ساتھ مرحوم کو ایک لاکھ روپے نقد اوراعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔مرحوم کے بیٹے ندیم عباس لونے والا کا شمار بھی معروف گلوکاروں میں ہوتا ہے جبکہ ان کے ایک صاحبزادے ظہیر عباس ریڈیو پاکستان لاہور سٹیشن میں بطور پروڈیوسر تعینات ہیں۔مرحوم کے مشہور گیتوں میں ”سجن پردیسیا“،”جان تو پیارا“،”سوھنے رنگ دی ڈاچی“،”چنگا دلبر پیار کیتو“،”اللہ دی سوں مینوں“،”چھور رسیاں نوں“،”ڈھولے دل دا ڈاکہ ماریا“،”میرا ڈھول وطن“اور دیگر شامل ہیں۔اللہ دتہ لونے والا کی موسیقی کے لئے خدمات کو ہمیشہ سراہا جائے گا اور آنے والی نسلوں کے لئے ان کے گائے ہوئے گیتوں کو پنجاب کی ثقافت کا آئینہ دار قرار دیاجائے گا۔ موسیقی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام اپنے ہیروز کے لئے احترام و محبت کے جذبات رکھتے ہیں اور ان کی تعریف و ستائش کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اللہ دتہ لونے والا اب اس دنیا میں موجود نہیں ہیں لیکن ان کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔گلوکار ملکو کا کہنا ہے کہ ہمارے سینئر گلوکاروں ریشماں، عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی، اللہ دتہ لونے والا، پٹھانے خان اور سریا ملتانیکر نے فوک گائیکی کی بڑی خدمت کی اورانہوں نے اپنی خوبصورت آوازوں سے پوری دنیا کو اپنا گرویدہ بنا یانئے گلوکاروں کو چاہیے کہ ان جیسے بڑے گلوکاروں کو زیادہ سنیں تاکہ ان کو بھی کیرئیر میں کامیابی ملے۔اللہ دتہ لونے والا کے دنیا سے چلے جانے کے بعد فوک گائیکی کا ایک باب بند ہوگیا ہے۔کامیڈین ببو رانا کا کہنا ہے کہ اللہ دتہ لونے والا جیسے گلوکار روز روز پیدا نہیں ہوتے مجھے ان کی موت کا دلی افسوس ہے۔ میں نجی ٹی وی کے شو میں استادنصرت فتح علی خاں، مہدی حسن،پرویز مہدی، اللہ دتہ لونے والا،راحت فتح علی خاں،عطا اللہ عیسیٰ خیلوی،مسعود رانا، منیر حسین، شوکت علی،عنایت حسین بھٹی اور طفیل نیازی سمیت دیگر نامور گلوکاروں کے سٹائل میں گا چکا ہوں اور مجھے اس پر بے حدپذیرائی مل چکی ہے۔

 اللہ دتہ لونے والا

مزید :

صفحہ اول -