صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کیلئے تیار ہے: کامران بنگش

صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کیلئے تیار ہے: کامران بنگش

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال بلدیاتی انتخابات سے پہلے شہری اپنے ووٹ بروقت رجسٹرڈ کروالیں تاکہ بعد میں کسی کو کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اس سے پہلے بھی صوبے میں شفاف بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے تھے اور اس بار بھی یہ اعزاز ہمیں حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی ناگفتہ بہہ وجوہات کی بناء پر عوامی مفاد کی خاطر بلدیاتی انتخابات التواء کا شکار ہو گئے۔ کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر سیکٹر کے امور متاثر ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے پیر کو اپنے آفس سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کے لیے تیار ہے اور اسی مقصد کے لیے حالیہ بجٹ میں ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔تاکہ بہترین طریقے سے اس عمل کو مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں آئین کے آرٹیکل 140 کے تحت تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔معاون خصوصی کامران بنگش نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی اور منشور کو دیکھتے ہوئے اپنی قیمتی رائے کا اظہار کریں کیونکہ ملکی ترقی و استحکام کے لیے نچلی سطح پر جمہوریت کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ سیاسی جماعتوں سے اختلافات اپنی جگہ لیکن جمہوریت کی بقاء اور استحکام میں ہم سب کی ترقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے کہ جہاں عوام فکری و نظریاتی پر جمہوری سوچ کے رکھوالے ہیں جبکہ ملک کے کچھ صوبوں میں خاندانی اور موروثی سیاست اب بھی باقی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں جمہوریت کی جیت ہوگی۔

مزید :

صفحہ اول -