ٹورڈی فرانس 2021سائیکل ریس کے پہلے مرحلے میں بیلجیم کے سائیکل سوار نے کامیابی حاصل کرلی

ٹورڈی فرانس 2021سائیکل ریس کے پہلے مرحلے میں بیلجیم کے سائیکل سوار نے کامیابی ...
ٹورڈی فرانس 2021سائیکل ریس کے پہلے مرحلے میں بیلجیم کے سائیکل سوار نے کامیابی حاصل کرلی
سورس: screen grab

  

برسلز(محمد عاطف حسین )بیلجیم کے سائیکل سوار ٹم مرلیئر نے فرانس میں ہو نے والی ٹورڈی سائیکل ریس کے پہلے مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ اس مقابلے میں خاتون تماشائی کی غیر ذمے دارانہ حرکت کے سبب درجنوں سائیکل سوار زمین پر گر گئے۔ ہفتے کے روز "ٹور ڈی فرانس2021 سائیکل ریس کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوا جس میں بیلجیم سے تعلق رکھنے والے سائیکل سوار ٹم مرلیئر نے کامیابی حاصل کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی میری زندگی میں بہت اہمیت رکھتی ہے ،میں نے اس کے لیے بہت محنت کی تھی جس کا صلہ مل گیا ۔

دوسری جانب جرمنی سے تعلق رکھنے والی خاتون تماشائی ٹریک کے کنارے پلے کارڈ اٹھائے مسکرا کر پوز بنا رہی تھی ،خاتون کا چہرہ کیمرے کی جانب تھا اسی دوران جرمن سائیکلسٹ ٹونی مارٹن اس خاتون کے پلے کارڈ سے ٹکرا کر زمین پر گر گیا۔ مارٹن کا گرنا پیچھے آنے والوں کے لیے اچانک ناگہانی ثابت ہوا۔ اس کے نتیجے میں درجنوں سائیکل سوار ایک دوسرے سے ٹکرا کر پے در پے زمین پر گرتے چلے گئے۔ حادثے میں 21 کے قریب سائیکل سواروں کو مختلف نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

 فرانسیسی پولیس اس حادثے کا سبب بننے والی خاتون تماشائی کی تلاش میں ہے۔ وہ حادثے کے فوری بعد جائے وقوع سے فرار ہو گئی۔ خاتون کو سزا کا سامنا ہو گا جس کی مدت ایک سال جیل تک ہو سکتی ہے۔یہ واقعہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کی تاریخ کے بدترین حادثات میں سے ایک ہے۔ اس حادثے کے سبب ریس کو تقریبا 5 منٹ کے لیے روکنا پڑا۔ اس دوران میں سائیکل سواروں کو اٹھانے میں مدد دی گئی تا کہ وہ ریس کا مرحلہ پورا کر سکیں۔

گرنے والے سائیکل سواروں میں چار مرتبہ کے برطانوی چیمپین کرس فروم بھی شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ "سیکنڈ کے ایک حصے میں ہم میں سے 50 سے 60 لوگ سب زمین پر تھے"۔استغاثہ نے اس واقعے کے حوالے سے فوجداری تحقیق شروع کر دی ہے۔ مذکورہ خاتون تماشائی پر سلامتی کے قواعد و ضوابط کی دانستہ خلاف ورزی کا الزام ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والے بعض سائیکل سواروں نے خاتون تماشائی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

مزید :

کھیل -