وہ ملک جس کے صدر کے ہیلی کاپٹر پر باغی گروپوں اور منشیات سمگلروں نے حملہ کردیا
بوگوٹا(مانیٹرنگ ڈیسک) کولمبیا کے صدر آئیوان ڈیوک کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ اس حملے میں خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس ہیلی کاپٹر میں صدر آئیوان ڈیوک کے ہمراہ ملک کے وزیردفاع بھی سفر کر رہے تھے جسے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد وینزویلا ساختہ رائفلوں کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ تین روز قبل پیش آیا تھا جس کے متعلق جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ ملک کے باغی گروپوں اور منشیات سمگلروں نے کیا۔
دو حکومتی عہدیداروں نے اس واقعے کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آئیوان باغی گروپوں اور منشیات سمگلروں کے خلاف کڑے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان جرائم پیشہ لوگوں نے صدر آئیوان پر حملے کی منصوبہ بندی کی تاہم اس میں صدر آئیوان خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔فائرنگ کے بعد بھی ہیلی کاپٹر نے اپنی پرواز جاری رکھی اور بحفاظت اپنی منزل پر پہنچ کر لینڈنگ کی۔حکومت کے طرف سے فائرنگ کرنے والے دو مشتبہ ملزمان کے خاکے جاری کر دیئے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری میں مدد دینے والے شخص کے لیے 30لاکھ کولمبین پیسو (تقریباً 1لاکھ 28ہزار روپے)انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔