بجٹ کی منظوری پر علی نواز اعوان خوشی سے نہال ،سابق وزیر خزانہ اسد عمرکے بارے ایسی بات کہہ دی کہ شوکت ترین بھی حیران رہ جائیں 

بجٹ کی منظوری پر علی نواز اعوان خوشی سے نہال ،سابق وزیر خزانہ اسد عمرکے بارے ...
بجٹ کی منظوری پر علی نواز اعوان خوشی سے نہال ،سابق وزیر خزانہ اسد عمرکے بارے ایسی بات کہہ دی کہ شوکت ترین بھی حیران رہ جائیں 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نےکہاہےکہ حکومت اپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود بجٹ منظور کرانے میں کامیاب ہوئی ، اپوزیشن نے بجٹ پر تعمیری تنقید اور اپنی مفید آرا دینے کی بجائے محض تنقید برائے تنقید کی پالیسی اپنائی،سابق وزیر خزانہ اور موجودہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے تین سال قبل پیش گوئی کی تھی کہ تین سال بعد ہماری معیشت ٹریک پر آ جائے اور آج ان کی یہ پیش گوئی پوری ہوچکی ہے.

تفصیلات کے مطابق علی نواز اعوان نے فناس بل کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ پر تعمیری تنقید اور اپنی مفید آرا دینے کی بجائے محض تنقید برائے تنقید کی پالیسی اپنائی ،وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر عوام دوست بجٹ پیش کرنے اور قومی اسمبلی سے بھاری اکثریت سے منظور کروانے پر مبارک باد کے مستحق ہیں، بجٹ اتنا جامع اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے کہ اپوزیشن کو نکتہ چینی کا موقع بھی نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے تین سال بہت سی مشکلات کا سامنا کیا جن میں سب سے بڑا مسئلہ سابق حکومتوں کی غلط معاشی پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے ملکی خزانے پر پڑنے والا غیر ملکی قرضوں کا بوجھ تھا ،اس کے علاوہ ڈالر کو 105 پر رکھنے کے لیے مصنوعی گروتھ دکھائی گئی، کورونا وائرس کی عالمی وباء نے دنیا کے بڑے ممالک کی معیشتوں کو متاثر کیا لیکن ہماری معیشت نے اس عرصے میں بھی نسبتاً بہتری دکھائی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اور موجودہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے تین سال قبل پیش گوئی کی تھی کہ تین سال بعد ہماری معیشت ٹریک پر آ جائے گی اور آج ان کی یہ پیش گوئی پوری ہوچکی اور معیشت درست ٹریک پر آ چکی ہے، ہمارا گروتھ ریٹ کووڈ کے باوجود 3 اعشاریہ 94 فیصد رہا ،اسی طرح تمام شعبوں میں مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر جس کی مشینری 2018ء میں لوہے کے بھاؤ بک رہی تھی آج ترقی کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن روتی رہے گی اور ہم عوامی خدمت کرتے رہیں گے اور انشاءاللہ حکومت نہ صرف اپنی موجودہ مدت بلکہ آنے والے 5 سال بھی پورے کرے گی۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -