مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی ممبرز کے نوٹیفکیشن کے حکم کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پانچ مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی انٹراکورٹ اپیل میں تحریک انصاف ، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیاہے ۔اپیل میں کہا گیاہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی ممبرز کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا تھا جسے کالعدم قرار دیا جائے ۔کیس کا فیصلہ ہونے تک حکم کو معطل کیا جائے اور کیس کی سماعت جلد از جلد کی جائے ۔