پشاور میں ایس ایچ او اپنے کانسٹیبل بیٹے کیساتھ منشیات سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا
پشاور (ویب ڈیسک) قبائلی ضلع خیبر پولیس کے حاضر سروس ایس ایچ او اور اس کےکانسٹیبل بیٹے کو 12 کلو گرام ہیروئن کے ساتھ پیر زکوڑی پل پشاور کے قریب سے دھرلیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق پشاور کے سی سی پی او محمد اعجاز خان کے مطابق حاضر سروس ایس ایچ او محمد شعیب اور اس کے کانسٹیبل بیٹے عابد اللہ گاڑی کے ذریعے ہیروئن اسمگل کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق باپ بیٹے کا تعلق بین الصوبائی منشیات سمگلر گروہ سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او نے ایس ایچ او اور اس کے کانسٹیبل بیٹے کو معطل کردیا ہے۔
سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان کا کہنا تھا کہ کالی بھیڑوں کو محکمہ پولیس پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ پولیس نے ملزمان کےخلاف فوجداری مقدمہ درج کرکے محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی ہے۔