عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے: وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور
ریاض (وقار نسیم وامق) وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور نے مدینہ منورہ میں حج مشن کے حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، حج انتظامات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ پاکستانی عازمین حج کو کسی مشکل کا سامنا نا کرنا پڑے.
مدینہ منورہ میں پاکستان حج مشن کے حکام کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ان کو سہولیات فراہم کرنے میں تمام تر کوششوں کو عمل میں لایا جا رہا ہے عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جس میں ہمیں کامیابی مل رہی ہے اور حج اخراجات میں کمی ہماری کوششوں کا واضح ثبوت ہے جس کے باعث رواں برس پاکستانی سستا ترین حج پیکج حاصل کرکے فریضہ حج ادا کرنے پہنچ رہے ہیں.
بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر حج ابرار مرزا کا کہنا تھا کہ حج 2022 کے لئے پاکستان حج مشن نے تندہی سے کام کرتے ہوئے کم وقت میں سہولیات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے اسکے علاوہ ایام حج میں سہولیات کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کے لئے سعودی وزارت حج و عمرہ کے تحت کام کرنے والے اداروں کے رابطے میں بھی ہیں تاکہ مشاعر مقدسہ منی, مزدلفہ اور عرفات میں مناسک حج کی ادائیگی میں عازمین کو آسانی فراہم ہوسکے.