حامد خان جیسے لوگ پی ٹی آئی کو برباد کر رہے ہیں، فواد چودھری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حامد خان جیسے لوگ پی ٹی آئی کو برباد کر رہے ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حامد خان چاہتے ہیں ان کے قد سے بڑے لوگ پی ٹی آئی میں نہ آئیں، جو آج مقدمات کا سامنا کر رہے یہی اصل پی ٹی آئی والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے غیر مناسب بیان دیا، آپریشن عزم استحکام شروع ہونے سے پہلے ہی متنازعہ ہوگیا، اپوزیشن کو اعتماد میں لئے بغیر کچھ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنی مرضی کی ترامیم لا رہے ہیں، ججز کے تبادلے کی ترامیم سے عدلیہ کا بیڑا غرق ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب حامد خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فواد چودھری مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ کر بھاگ گئے تھے، اب پارٹی میں واپس کس منہ سے آئیں گے؟، انہیں پارٹی میں واپس آنے کا کوئی حق نہیں۔