عمران کی سیاست سابق سپائی ماسٹرز اور سیاسی لوٹوں کے گرد گھومتی ہے ،پرویز رشید

عمران کی سیاست سابق سپائی ماسٹرز اور سیاسی لوٹوں کے گرد گھومتی ہے ،پرویز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان تباہی کی سیاست کر رہے ہیں، ان کی سیاست سابق سپائی ماسٹرز، فارغ اور بیروزگار بیوروکریٹس اور سیاسی لوٹوں کے گرد گھومتی ہے۔ گزشتہ روز نو منتخب سینیٹروں کے اعزاز میں دیئے گئے ایک ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے کا مقصد ملک کو نقصان پہنچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دن کے وقت تو ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین پر تنقید کرتے لیکن رات کو الطاف حسین کی کال کا انتظار کرتے۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر ایم کیو ایم پر کراچی میں انتخابی دھاندلی کا الزام لگا یاتاہم جب اس نے کراچی میں پبلک ریلی کا منصوبہ بنایا تو اس کیلئے ایم کیو ایم سے تعاون کی بھیک مانگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت عمران کی سیاست کے دوہرے معیار کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو ٹیپ کے منظر عام پر آنے سے عمران خان کا حقیقی ایجنڈا بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم ریاست کے دشمنوں کیخلاف آپریشن کا منصوبہ بنا رہی تھی تو عمران خان نے دہشت گردوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اب جب ایک برادر اسلامی ملک کو خطرات کا سامنا ہے تو عمران خان اس کے مخالفوں سے ہمدردی کر رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ کراچی آپریشن جو جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ہے، جاری رہے گا کیونکہ ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی قوتوں نے اس بارے متفقہ فیصلہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں مجرموں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کسی جماعت یا شخصیت کے ساتھ کسی سیاسی وابستگی کے قطعہ نظر جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پی ٹی آئی کے ایک امیدوار کو شیخوپورہ میں شکست ہوئی اور اسی طرح پوری پی ٹی آئی کا بھی جلد یہی مقدر ہو گا۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی سر زمین پر کسی بھی غیر ملکی جارحیت کی صورت میں سعودی عرب کے ساتھ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک برادر ملک ہے اور کسی جارحیت کیخلاف سعودی عرب کا دفاع پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں امت مسلمہ کے مقدس ترین مقامات ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ ملک یمن سے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے شورش زدہ علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کو محفوظ طور پر واپس لایا جائے گا

مزید :

صفحہ اول -