خاتون سمجھتی رہی شوہر نوکری کیلئے دبئی گیا ہے، لیکن پھر اچانک ٹی وی پر ایسا کام کرتے نظر آگیا کہ بیگم کے پیروں تلے زمین نکل گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ہمارے ہاں بھی آج کل ٹی وی شوز میں شادیاں کرنے کا رواج چل نکلا ہے۔ ایسا ہی شو ایک برطانوی ٹی وی پر نشر ہوتا ہے جس میں جوڑوں کی شادیاں براہ راست دکھائی جاتی ہیں۔ اس شو کا نام آنٹ اینڈ ڈیکس سیچرڈے نائٹ ٹیک اوے(Ant & Dec's Saturday Night Takeaway) ہے۔گزشتہ دنوں اپنے گھر میں بیٹھی ٹی وی پراس شو کو دیکھنے والی ہیلن گنڈری(Helen Gundry)نامی خاتون پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب اس نے اپنے شوہر ڈینیئل (Daniel)کو بھی اس شو میں شادی کرتے ہوئے پایا۔ اس نے ایک اور خاتون کی بانہوں میں بانہیں ڈال رکھی تھی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اس شوہر نے اپنی بیوی کو بتا رکھا تھا کہ وہ ایک کام کے سلسلے میں دبئی جا رہا ہے۔ حالانکہ وہ برطانیہ ہی میں اس دوسری خاتون کے ساتھ مقیم تھا۔
رپورٹ کے مطابق ہیلن گنڈری نے شو کے فیس بک پر لکھا کہ ”میں نے آپ کے شو میں ہونے والی شادی اور آنے والے مہمانوں کو بہت پسند کیا لیکن مجھے اپنے شوہر کو دوسری عورت کے ساتھ دیکھنا بالکل اچھا نہیں لگا۔ یہ خاتون اس کی گرل فرینڈ تھی جسے وہ ایک سال قبل چھوڑ چکا تھا۔ اب اس نے ہمیں بتا رکھا تھا کہ وہ دبئی میں ہے۔ ہماری ایک 15سالہ بیٹی بھی ہے۔ وہ ٹی وی پر اپنے باپ کو اس خاتون کے ساتھ دیکھ کر بالکل ٹوٹ گئی ہے۔“ رپورٹ کے مطابق شو میں مشعیل (Michelle) نامی لڑکی کی شادی ہو رہی تھی اورشو میں ڈینیئل کے ساتھ آنے اور رقص کرنے والی خاتون مشعیل کی بہن ہے اور اس کا نام سو(Sue)ہے۔ ہیلن گنڈری کی یہ پوسٹ فیس بک پربہت زیادہ پڑھی گئی ہے اور اب تک اسے 30ہزار لوگ لائیک اور 10ہزار شیئرکر چکے ہیں اور 10ہزار سے زائد لوگ ہی اس پر کمنٹس کر چکے ہیں۔
یہاں مضحکہ خیز صورتحال اس وقت پیدا ہو گئی جب فیس بک صارفین نے ہیلن گنڈری ہی کو قصور وار قرار دے دیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ہیلن گنڈری جھوٹ بول رہی ہے۔ ڈینیئل نے دراصل ایک سال قبل ہیلن گنڈری کو چھوڑا تھا اور اب وہ ”سو“کے ساتھ شادی کر چکا ہے۔آئی ٹی وی کے ترجمان نے برطانوی اخبار ”دی سن“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”میں نے ڈینیئل سے بات کی ہے۔ دراصل وہ 6سال قبل اپنی پہلی بیوی ہیلن گنڈری سے علیحدہ ہو چکا ہے اور دو سال قبل اس نے ”سو“ سے شادی کر لی تھی اور اب سو ہی اس کی بیوی ہے۔“دوسری طرف ہیلن گنڈری تاحال اپنی بات پر ثابت قدم ہے اور اس کا کہنا ہے کہ” اگر ڈینیئل نے سو سے شادی کر رکھی ہے تو پھر اس نے ایک ساتھ دو شادیاں کر رکھی ہیں کیونکہ ہم اب بھی میاں بیوی ہی ہیں اور علیحدہ نہیں ہوئے۔“