نئے البمز کی تیاری کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں پر بھی توجہ دے رہا ہوں،علی ظفر
ممبئی (نیٹ نیوز) پاکستانی گلو کار اور اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ انہوں نے 60 دنوں میں50 شوز کئے ۔ بھارتی اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ وہ فلموں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ اپنے نئے البمز کی تیار اور فلاحی سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے نئے البم کی موسیقی پر کام مکمل کر لیا ہے اور اپنی نئی بالی وڈ فلم کی شوٹنگ بھی بھارتی ساحلی شہر گوا میں مکمل کر لی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ وہ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم اور سکولوں کی تعمیر جیسے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں ۔ جس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے والد اور والدہ دونوں اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے اور اس حوالے سے وہ تعلیم کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ علی ظفر نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ تبدیلی صرف تعلیم کے ذریعے ہی لائی جا سکتی ہےاور اس کے ذریعے دنیا کو رہنے کیلئے بہترین مقام بنایا جا سکتا ہے ۔ وہ رواں سال کے وسط تک 27، 28سکولوں کی تعمیر مکمل کرلیں گے ۔ انہوں نے بچیوں کیلئے تعلیم کے فروغ کے سلسلہ میں حال ہی میں دبئی میں ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔