معصوم زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،میاں مقصود
لاہور(پ ر)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے لاہورگلشن پارک میں بم دھماکے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارافسوس ویکجہتی کرتے ہوئے کہاہے کہ بے گناہ اور معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں،سانحہ لاہور میں بیرونی ہاتھ خارج از امکان نہیں دیاجاسکتا۔ایسے لگتاہے کہ ملک دشمن بیرونی قوتیں ایک بار پھر سرگرم عمل ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کاحوصلہ پست نہیں ہوگا۔گلشن اقبال پارک میں دہشت گردی کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کانہ ہونا درحقیقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پربڑاسوالیہ نشان ہے۔بم دھماکے کے اصل محرکات وآلہ کاروں کوجتنی جلدی ہوسکے منطقی انجام تک پہنچایاجاناچاہئے۔گلشن پارک حملے میں70سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں26بچے11خواتین اور33مردشامل ہیں۔ملک میں امن وامان اورسلامتی کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ سانحہ لاہور بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری کاردعمل بھی ہوسکتا ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کواپنی تفتیش کادائرہ کاراس حوالے سے بھی آگے بڑھانا چاہئے ۔بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو سے ملنے والی معلومات کے مطابق پاکستان میں راء کے500دہشتگرد بھیس بدل کرموجود ہیں۔کل بھوشن یادیوسے تفتیش کے دوران اہم انکشافات سے بھارت بھی پریشان دکھائی دے رہا ہے۔