وزیر محنت اشفاق سرور نے شیخ زید ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی
لاہور( خبرنگار) صوبائی وزیر محنت و انسانی و سائل راجہ اشفاق سرور نے گلشن اقبال دھماکے کے شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی ۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیر علاج بچوں اور زخمیوں کی عیات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی علاج و معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ راجہ اشفاق سرور فردا فردا تمام زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی ۔چیئرمین شیخ زید ہسپتال فرید خان،چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ریاض اورڈی ایم ایس ان کے ہمراہ تھے۔وزیر محنت نے شیخ زید ہسپتال کی انتظامیہ کو دھماکے کے زخمیوں کو علاج ومعالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پربچوں کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گرد وں کو شکست فاش کا سامنا ہے
یہی وجہ ہے کہ اب انہوں نے مایوسی کا شکار ہو کر معصوم بچوں اور خواتین کو اپناٹارگٹ بنا لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس اندوہناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر پوری قوم رنجیدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ مربوط حکمت عملی کے تحت ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کامیابی سے جاری ہے اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کر کے دم لیں گے ۔