نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیروزگار کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے :ذوالفقاراحمد چیمہ
لاہور(کرائم رپورٹر)نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنر مند اور باصلاحیت بناکر ملک سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے اور ہم یہ کریں گے۔ فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے قومی ادارے کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ذوالفقار چیمہ نے سوموارکو لاہور میں ایک نیوز کانفرنس میں قومی ہنر میلے کی غرض و مقاصد بیان کیے ۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں نوجوانوں کا بیروزگار رہنا خطرناک ہے ۔ ڈگری ہولڈر بیروزگار نوجوان دفتر کے چکر کاٹتے یا اخباروں کے اشتہار چاٹتے ہیں اور بعد میں مایوس ہوکر وہ جرائم کی طرف چلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں نوجوانوں کی اکثریت کو فنی تعلیم سکھائی جاتی ہے جس سے وہ ممالک معاشی ترقی میں آگے نکل گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بیروزگاری اور غربت دور کرنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ نوجوانوں کوہنر مند بنائیں اسی سے غربت کم ہوگی اور ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان ہمارے لئے تیل اور گیس سے بڑا خزانہ ہیں۔اگر ہم نے نوجوانوں کو ہنر مند بنادیا تو یہ ملک کیلئے گیم چینجز ثابت ہوگا ۔ ہنر مند افرادی قوت سے ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوگا اور ہم اپنے قرضے اتار سکیں گے ۔ غربت کا خاتمہ ہوگا اور ملک کی تقدیر بدل جائے گی ۔ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہافنی ہنر کے مقابلوں میں اول آنے والے نوجوانوں کو 50,000روپے انعام دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہنر وہ ماسٹر کی (Key)ہے جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے بے شمار دروازے کھل جائیں گے۔ پچھلے 10-15برسوں سے ہم نے فنی و پیشہ ورانہ تعلیم پر توجہ دی ہے ۔ صوبوں میں ٹیوٹا کے ساتھ ہمارا مسلسل رابطہ ہے ۔ سسٹم میں ریفارمزلانے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے غیر ملکی شراکت کاروں کا تعاون حاصل کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں نصاب کو عالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جاب پلیسمنٹ سینٹر بنا یا گیا ہے۔ جس میں تربیت یافتہ افراد کا مکمل ڈیٹا موجود ہوگا ۔ جس سے ضرورت مند اداروں کی ضروریات پوری ہوں گی ۔ اس منصوبے کو ڈویژنل سطح تک لے جائیں گے ۔ اقتصادی راہداری کے سی پیک منصوبے میں بھی بہت بڑی تعداد میں تربیت یافتہ ہنر مندوں کی ضرورت ہوگی جسے ہم پورا کریں گے ۔ خواتین کی مختلف ٹریڈز میں تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ کل 29 مارچ کو ایکسپو سنٹر لاہورمیں نیشنل سکلز شو منعقد ہو گا۔ جس میں صنعتکاروں اور فنی ماہرین کو اکٹھا کیا جائے گا۔ اس فیئر میں غیر ملکی سرمایہ کار بھی شریک ہوں گے ۔ ہم نے ٹریننگ کیلئے بہترین اداروں کا انتخاب کیا ہے ۔اخوت اور وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے ذریعے فنی تعلیم کیلئے نوجوانوں کوبلاسود قرضے دلوائیں گے ۔ ملک کا مستقبل فنی تعلیم سے ہی وابستہ ہے ۔ سفارتخانوں سے معلومات لی گئی ہیں تاکہ متعلقہ ملکوں کی ضروریات کے مطابق یہاں فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کا بندوبست کیا جائے ۔ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ ملک سے بیروزگاری شدت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ہمیں نوجوانوں کو مصروف رکھنا ہے پچھلے سال 25ہزار نوجوانوں کو فنی و تکنیکی تعلیم دی۔ اس ہدف کو بڑھاتے ہوئے اس سال وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ملا کر ان کی تعداد 50ہزار تک لے گئے ہیں، جس کو اب لاکھوں میں لے جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ہم جرمنی، فلپائن اور سری لنکاکے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پورے ملک میں فنی و تکنیکی تعلیم دے کر غربت بیروزگاری شدت پسندی اور دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد فراہم کررہے ہیں ۔اس موقع پر چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ پاکستان میں اب بین الاقوامی معیار کی تربیت دی جا رہی ہے جس کے بعد تربیت یافتہ نوجوانوں کو بین الاقوامی اداروں سے سرٹیفکیشن بھی لے کر دے رہے ہیں۔ہم تربیت یافتہ نوجوانوں کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھا کر پانچ چھ لاکھ تک لے جائیں گے۔اس موقع پرہیڈ آف ہائیر ایجوکیشن اینڈ سکلز برٹش کونسل سارہ پرویز نے کہا کہ ہم نیوٹک اور ٹیوٹا کے ساتھ ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کو عالمی سطح تک لانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔اور اس سلسلے میں برٹش تجربات سے بھی استفادہ حاصل کیا جائے گا۔