ایس پیز کو سیکیورٹی پلان ازسرنوترتیب دینے کی ہدایت
لاہور(پ ر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ تمام ایس پیز اپنے علاقے کی اہم تنصیبات، عمارتوں اور مقامات کا سیکورٹی پلان از سر نو ترتیب دے کر 24گھنٹے کے اندر انہیں رپورٹ بھجوائیں۔ خاص کر پبلک مقامات مثلاً پارکس، تھیٹر، سینما گھر، لاری اڈا، بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشن اور دیگر تفریحی مقامات کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنز میں ایس پیز روزانہ کی بنیاد پر ڈویژن کے حساس مقامات کے گرد سرچ آپریشن ضرور کروائیں اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر دفتر سی سی پی او بھجوائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آپریشنز و انویسٹی گیشن ونگ کے ہنگامی اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری ، ایس ایس پی آپریشنز ملک لیاقت، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا، ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک، سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کے علاوہ تمام ڈویژنل ایس پیز ، ایس پی موبائلز اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز بھی موجود تھے۔سی سی پی او نے کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنے علاقے میں آنے والی اہم تنصیبات، عمارتوں کے گرد پیٹرولنگ کے لیے ایسے جوان مامور کریں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دے سکیں ۔ ایس پیز دن میں کم از کم ایک مرتبہ ان مقامات کی پیٹرولنگ کو خود چیک کریں اور یہاں ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز کے دفتر سے جاری ہونیوالے سیکورٹی آرڈر کو تمام ایس پی خود پڑھا کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ جن پوائنٹس پر جتنی نفری لگائی گئی ہے وہ تمام نفری ڈیوٹی پر موجود ہو۔