پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فصل خریف کیلئے چھوٹے کاشتکاروں میں25سو ملین کے قرضے جاری کریگا

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فصل خریف کیلئے چھوٹے کاشتکاروں میں25سو ملین کے ...

لاہور (پ ر) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ اپریل 2016ء میں فصل خریف 2016 ء کیلئے کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں میں 2500 ملین روپے کے پیداواری قرضہ جات جاری کرے گا تاکہ کاشتکار اپنی زرعی ضروریات پوری کر سکیں۔ اس کا اظہار صدر / چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک محمد ایوب نے بینک کمیٹی روم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بینک فصل ربیع 2015-16ء کی وصولی بھی کرے گا۔ تقریب سے دنیا کے پہلے معذور ٹی وی، ریڈیو اینکر محسن نواز نے بھی خطاب کیا۔ صدر بینک نے اس موقع پر کہا کہ بینک نے اپنے کلائنٹس کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں اپنی 151 برانچوں کے ذریعے آن لائن بینکنگ کا اجرا بھی کردیا ہے اور 10 برانچوں میں اے ٹی ایم سروس بھی تجرباتی بنیاد پر شروع کردی ہے اور جلد ہی اے ٹی ایم سروس اپنے کلائنٹس کیلئے بھی اوپن کردی جائے گی۔ محسن نواز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آکر خوشی ہوئی انہوں نے کہا کہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ ایک تاریخی بینک ہے اور یہ اپنے کامیاب سفر کی صدی مکمل کرنے کی طرف گامزن ہے میری دعا ہے کہ اس کا شمار کامیاب بینکوں میں ہو ۔ بینک کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید : کامرس