تمام صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت یکساں کارروائی کی جائے :عمران خان

تمام صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت یکساں کارروائی کی جائے :عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( جنرل رپورٹر‘نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جناح ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال میں دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ، ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،عمران خان نے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اب وقت آگیا ہے تمام صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف یکساں طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے، اس موقع پر جہانگیر ترین ،میاں محمودالرشید، اعجازاحمدچوہدری، ڈاکٹر شاہد صدیق ،شعیب صدیقی، میاں اسلم اقبال، عون چوہدری سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ دھماکے میں معصوم جانوں کے خون سے کھیلنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہئے۔ پشاور آرمی پبلک سکول کے بعد لاہور دہشتگردی کا واقعہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے، دھماکے میں بچوں کی بڑی تعداد شہید ہوئی جس کاانہیں دکھ ہے۔ عمران خان نے مزیدکہاکہ حکومت شہریوں کوتحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، ساری سکیورٹی وی وی آئی پیز کے لئے لگی ہوئی ہے اور عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہواہے۔ عمران خان نے کہاکہ قانون بنانا حکومت کا کام ہے اور اس پر عملدرآمد کرنا پولیس اور اداروں کا کام ہے لیکن پولیس کو سیاسی مقاصد حاصل کرنے اور انتقامی کاروائیوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ عمران خان کا کہناتھا کہ صوبہ سندھ میں پولیس کو سیاسی بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے اور جب پولیس اپنے فرائض منصبی صحیح طور پر ادا نہیں کرتی تو پھر رینجرز کو بلایا جاتا ہے ، نیشنل ایکشن پلان میں فیصلہ ہوا تھا کہ ملک میں کسی مسلح گروپ کو کام کرنے نہیں دیا جائے گا ، اب وقت آگیا ہے کہ تمام صوبوں میں یکساں طور پر دہشتگردوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائیاں کی جائیں اور پولیس کو ذمہ دار اور غیر سیاسی بنانے کے عمل کو نیشنل ایکشن پلان کا حصہ بنایا جائے۔ بعدازاں عمران خان جامعیہ اشرفیہ میں مولانا عبیداللہ کی تعزیت کے لئے پہنچیں اورمرحوم مولانا عبید اللہ کے بیٹے حافظ اسد عبید اور انکے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

مزید :

صفحہ اول -