جلیل اندرابی ، اشفاق مجید وانی ، ڈاکٹرعبدالاحد گورو اور شبیر صدیقی کشمیریوں کے ہیرو تھے

جلیل اندرابی ، اشفاق مجید وانی ، ڈاکٹرعبدالاحد گورو اور شبیر صدیقی کشمیریوں ...

  

سری نگر(کے پی آئی)/فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے ایڈوکیٹ جلیل اندرابی ، اشفاق مجید وانی ، ڈاکٹرعبدالاحد گورو اور شبیر صدیقی کو دل کی گہرائیوں سے یاد کرتے ہوئے شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔ اشفاق مجید کی تحریک آزادی کے تئیں ان کی لامثال خدمات کو یاد کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی مختصر حیاتِ مستعار میں سینکڑوں جانبازوں کو بھارتی ظلم و جبر کے آگے سینہ سپر ہونے کی تربیت دی اور خود ایثار و قربانی کی عظیم مثال پیش کرکے ایک انمٹ تاریخ رقم کی ۔وہ تحریک کشمیر کے حوالے سے ایک ہیرو کی حیثیت رکھتے ہیں اور جدوجہد آزادی کی خاطر ان کی پیش کی گئی خدمات کے لئے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ شاہ نے ایڈوکیٹ جلیل اندرابی کی فوج کے زیر حراست شہادت کے لئے بھارتی حکمرانوں کو ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے اندرابی کے قاتل کرنل اوتارکو انصاف کے کٹہرے میں کھڑاکرنے کے بجائے اسے بچانے کی تدابیر اختیار کرلی اور اس طرح ریاست میں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں پر پردہ ڈالنے کی دانستہ کوشش کی ۔

شاہ نے ڈاکٹر عبدالاحد گورو کو عقیدت کا خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ طب میں نمایاں کارنامے انجام دینے کے ساتھ ساتھ وہ تحریک آزادی کے لئے ہر اول دستے کے طور کام کرتے رہے اور اسی راہ میں اپنی جان جانِ آفرین کے حوالے کی ۔انہوں نے شبیر صدیقی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا تعلق ایک دینی گھرانے سے تھا اور تحریک آزادی اور اسلام کے تئیں ان کی خدمات کے لئے انہیں یاد رکھا جائے گا ۔ادھرجے کے ایل ایف ( آر ) چیئرمین فاروق احمد ڈار نے کہا ہے کہ اتوار کو مزار شہداعیدگاہ میں ایک دعائیہ اور فاتحہ خوانی کی مجلس منعقد کی جائے گی ،جس میں اشفاق مجید وانی ، ایڈوکیٹ جلیل اندرابی، ڈاکٹر عبدالاحد گورواور سید شبیر صدیقی کو خراج عقیدت ادا کیا جائے گا ۔ ان کی برسی پر یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان شہدانے ایک پاک اور مقدس مقصد کی خاطر اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔اشفاق مجید وانی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عزم و ہمت کے پیکر تھے اور ساری عمرایک چٹان کی طرح غاصب قوتوں کے سامنے کھڑے رہے۔ انہوں نے جلیل اندرابی،شہی عبدالاحد گورو اور شبیر صدیقی کوعقیدت کا خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہدااس قوم کے عظیم دانشور تھے اور انہوں نے وطن عزیز کی خاطراور جدوجہد آزادی میں گران قدر خدمات انجام دے کر ایک روشن مثال قائم کی ۔ تحریک مزاحمت جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر نے جلیل احمد اندرابی کو ان کی برسی پر یاد کرتے ہوئے انہیں مخلص،اور نڈر سپاہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جبروستم کے مقابلے ایک برہنہ تلوار کی طرح ڈٹے رہے اور بے شمار دھمکیوں اور دبا کو کبھی بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے خلوص وایثار کے ساتھ تحریک آزادی کے تئیں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے، یہی وجہ تھی کہ فوج کی آنکھ میں وہ ایک خار کی طرح کھٹکتے رہے اور تمام تر کوششوں کے باوجود جب وہ انھیں باز نہ رکھ سکے تو انہوں نے عدل وانصاف کے حق میں اٹھنے والی اس بے باک آواز کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔شبیر احمد شاہ نے نوہٹہ سرینگر میں 10سالہ محمد اسمائیل خان کو مسلسل حراست میں رکھنے اور اس کے خلاف کیس درج کرنے کو ریاستی ظلم کی انتہا قرار دیتے ہوئے اس کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے جنوبی کشمیر کے اسلام آ بادکے سیر ہمدان مٹن میں بچوں کی پراسرار گمشدگی پر اپنی تشویش کا اظہارکیا۔ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ چیئرمین فردوس احمد شاہ نے جلیل اندرابی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ رواں مزاحمتی تحریک میں دی گئی قربانیوں کی حفاظت کرنا فرض ہے۔ ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے ایک اور دھڑے کے چیف کارڈینیٹر شکیل احمد بٹ نے 10سالہ محمد اسماعیل خان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پولیس سٹیٹ میں تبدیل ہوگئی ہے اور انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں ہورہی پامالیوں کو رکوانے کیلئے بھارت پر دبا ڈالی۔

مزید :

عالمی منظر -