دہشتگردوں کیخلاف آپریشن اور وی وی آئی پیز سے سیکیورٹی واپس لینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

دہشتگردوں کیخلاف آپریشن اور وی وی آئی پیز سے سیکیورٹی واپس لینے کیلئے لاہور ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )سانحہ گلشن اقبال پارک کے تناظر میں پنجاب میں رینجرز کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اور وی وی آئی پیز سے سیکیورٹی واپس لینے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ درخواست دائر کردی گئی ہے ۔یہ درخواست ایک شہری منیر احمدا ور جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث گلشن اقبال پارک کا سانحہ پیش آیا ہے ۔حکومت آئینی طور پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے ،درخواست میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پنجاب میں رینجرز کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار وں کو بڑی تعداد میں وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ عوام الناس کے تحفظ کی کسی کو پروا نہیں ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم ،وزیراعلیٰ ،وزراء اور دیگر اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی تفصیلات طلب کی جائیں اور حکومت سے استفسار کیا جائے کہ اتنی بڑی تعداد میں ان شخصیات کی حفاظت کے لئے اہلکار کیوں تعینات کئے گئے ہیں ۔درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ و ی وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے اہلکاروں کی فوج ظفر موج کو واپس بلا کر عوام کی حفاظت کے لئے مامور کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -