توہین عدالت ،فاروق ستار سمیت متحدہ کے 6راہنماؤں کیخلاف درخواست دائر

توہین عدالت ،فاروق ستار سمیت متحدہ کے 6راہنماؤں کیخلاف درخواست دائر

لاہور(نامہ نگار خصوصی )فاروق ستار سمیت ایم کیوایم کے 6راہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔یہ درخواست مقامی وکیل عبداللہ ملک نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی فاروق ستار ،سلمان بلوچ ،سینیٹر عتیق الرحمن ،رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن،رابطہ کمیٹی کے ممبران وسیم عباس اور آفتاب احمد کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ 7ستمبر 2015ء کو لاہور ہائی کورٹ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی میڈیا کوریج پر پابندی کا عبوری حکم جاری کیا تھا جس کے تحت الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو الطاف حسین کی تقاریر اور تصویریں نشراورشائع کرنے سے روک دیا گیا تھا،اس عدالتی حکم کے خلاف مدعا علیہان نے ہڑتالیں اورمظاہرے کئے ،علاوہ ازیں ان لوگوں نے مختلف ٹی وی مذاکرات میں اس عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ،ان کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرہ میں آتا ہے ،درخواست میں فاروق ستار سمیت تمام مدعا علیہان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لانے کی استدعا کی گئی ہے۔

مزید : صفحہ آخر