لیاقت بلوچ کی زیرقیادت دینی جماعتوں کی سٹیرنگ کمیٹی کادورہ جناح ہسپتال

لیاقت بلوچ کی زیرقیادت دینی جماعتوں کی سٹیرنگ کمیٹی کادورہ جناح ہسپتال

لاہور(خبر نگار خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کی صدارت میں دینی جماعتوں کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منصورہ میں منعقد ہوا۔ اجلا س میں جماعت الدعوۃ کے حافظ عبدالرحمن مکی قاری محمد یعقوب شیخ جے یو آئی کے مولانا محمد عاصم مخدوم رابطہ المدارس کے صدر شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک ،دربار میاں میر کے سجادہ نشین پیر ہارون گیلانی جمعیت اہلحدیث کے ڈاکٹر عبدالغفور راشد ،جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور امیر العظیم نے شرکت کی۔اجلاس میں طے پایا کہ نظام مصطفی کانفرنس دو اپریل صبح دس بجے منصورہ میں منعقد ہوگی،جس میں تمام دینی جماعتوں کے جید علمائے کرام اور خواتین شریک ہوں گی۔اجلاس میں ممتاز قادری کے چہلم کے موقع پر لاٹھی چارج گرفتاریوں اور پولیس تشدد کی شدید مذمت کی گئی اور شرکاء اجلاس نے اپیل کی کہ قوم تحریک نظام مصطفی کو امن کے راستے سے تشدد کی جانب دھکیلنے والے عناصر سے خبردار رہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ یکم اپریل شام کو جماعت الدۃ کی میزبانی میں دینی جماعتوں کے سربراہوں کا مشاورتی اجلاس ہوگا۔ اجلاس کے بعد سٹیرنگ کمیٹی کے تمام ارکان نے لیاقت بلوچ کی قیادت میں جناح ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا اور گلشن پارک دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی اور مریضوں کی شفا یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے ۔یہ سلسلہ بہت المناک ہے۔انہوں نے کہا ہے بلوچستان میں بھارت کا جاسوس پکڑا گیا ہے اور لوگوں کے ذہنوں میں سوال اٹھ رہا ہے کہ بھار ت نے اس کے بدلے میں پاکستان کے لوگوں پر حملہ کر دیا ہے ۔ہماری سیکورٹی فورسز بڑ ی قربانیاں دے رہی ہیں۔ ملک کی سلامتی کے لیے نا گزیر ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

مزید : صفحہ آخر