لاہور دھماکا،فیس بک نے سیفٹی چیک نوٹیفیکیشن دنیا بھر کوموصول ہونے پر معافی مانگ لی

لاہور دھماکا،فیس بک نے سیفٹی چیک نوٹیفیکیشن دنیا بھر کوموصول ہونے پر معافی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک )سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے دنیا کے دیگر ممالک کے صارفین سے لاہور دھماکے کی سیفٹی چیک نوٹیفیکیشن موصول ہونے پر معافی مانگ لی ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق لاہور کے پارک میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے لاہور کے صارفین کے لیے تو اپنے سیفٹی چیک فیچر کا آغاز کیا ہی لیکن غلطی سے اس کا نوٹیفکیشن دنیا کے مختلف ممالک کے افراد کو بھی موصول ہوا، جس پر فیس بک کو معذرت کرنی پڑ گئی۔اتوار کو لاہور کے علاقے اقبال ٹان کے گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 250 سے زائد زخمی ہوئے، جس کے بعد فیس بک کی جانب سے لاہور کے صارفین کے لیے سیفٹی چیک فیچر کا آغاز کیا گیا۔لیکن یہ نوٹیفیکشن لاہور سے کوسوں دور سڈنی (آسٹریلیا)، برسلز (بیلجیئم)، اونٹاریو (کینیڈا)، قاہرہ (مصر) اور نیویارک (امریکا کے صارفین کو بھی موصول ہوا، جس میں مقام کی نشاندہی کیے بغیر ان سے پوچھا گیاکیا آپ بھی دھماکے سے متاثر ہوئے ہیں؟'اگرچہ اس بات کا علم نہیں ہوسکا کہ متعدد لوگوں کو یہ نوٹیفکیشن کس طرح سے موصول ہوا تاہم فیس بک سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا۔جس کے بعد ویب سائٹ نے اپنی ایک پوسٹ میں اس حوالے سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہم نے پاکستان کے شہر لاہور میں ایک دھماکے کے بعد وہاں کے صارفین کے لیے سیفٹی چیک فیچر ایکٹیویٹ کیا تھا اور ہمیں امید ہے کہ لوگوں نے اس فیچر کو اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو اپنی خیریت سے آگاہ کرنے کے حوالے سے مفید پایا۔فیس بک کا مزید کہنا تھا کہ 'بدقسمتی سے کچھ ایسے صارفین کو بھی سیفٹی چیک کا نوٹیفکیشن موصول ہوا، جو لاہور میں موجود نہیں تھے، ہم نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے اور ہم ان لوگوں سے معذرت خواہ ہیں جنھیں غلطی سے یہ نوٹیفکیشن موصول ہوا۔'واضح رہے کہ فیس بک انتظامیہ نے سیفٹی چیک کے فیچر کو 2014 میں متعارف کرایا تھا اور اسے صرف قدرتی آفات کے وقت ایکٹیویٹ کیا جاتا تھا تاہم گذشتہ برس نومبر میں پیرس حملوں کے بعد اسے دھماکوں کے موقع پر بھی ایکٹیویٹ کیا جانے لگا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -