بھارت، لائیو ٹی وی شو میں وسیم اکرم پر حملہ، مائیک چھین کر بد تمیزی

بھارت، لائیو ٹی وی شو میں وسیم اکرم پر حملہ، مائیک چھین کر بد تمیزی

لاہور(اے این این )بھارتی انتہا پسند آداب میزبانی بھول گئے ، نامعلوم افراد نے سابق کپتان وسیم اکرم پر ٹی وی شوکے دوران حملہ کر دیا ، حملہ آوروں نے کرکٹ لیجنڈ سے مائیکروفون چھین لیا اور بدتمیزی بھی کی ۔سابق کپتان بھارتی ٹی وی شو میں ورلڈ ٹی ٹوینٹی پر تبصرہ کر رہے تھے ، کہ نامعلوم افراد نے وسیم اکرم سے مائیکرو فون چھین لیا اور بدتمیزی کی۔وسیم اکرم پر جب شیو سینا کے غنڈوں نے دھاوا بولا اس وقت وہ بھارت اور آسٹریلیا کے میچ پر تبصرہ کر رہے اور ویرات کوہلی کی تعریف میں مصروف تھے،وسیم اکرم ممبئی میں براہ راست شو میں شریک تھے جبکہ میزبان نئی دہلی میں موجود تھا جو غنڈوں کی اس حرکت پر ہکا بکا رہ گیا ۔بھارت میں انتہا پسندی کا یہ پہلا واقع نہیں ہے، ہما چل پردیش حکومت کی دھمکیوں کے بعد پاکستان کا میچ دھرم شالا سے کولکتہ منتقل کیا گیا ۔گزشتہ برس ممبئی میں بی سی سی آئی کے دفتر پر شیو سینا نے اس وقت دھاوا بول دیا جب پاکستان اور بھارت کے کرکٹ حکام مذاکرات کر رہے تھے ۔بھارت پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا ، ایلیٹ پینل امپائر کو بھارت جنوبی افریقہ سیریز کے دوران ممبئی میں امپائرنگ سے روک دیا گیا تھا ۔دوسری طرف وسیم اکرم نے اپنے ٹویٹ میں لاہور میں ہونے والے حملے کے حوالے سے اپنے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیا ۔ انڈین اینکر کا وسیم اکرم پر ہونے والے حملے کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وسیم اکرم کے ساتھ کچھ برا نہیں ہوا ، بس کچھ لوگوں نے ان سے مائک چھین لیا اور بد تمیزی کر دی ۔

مزید : صفحہ آخر