تمام صوبوں میں دہشتگردوں کا تعاقب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے :عمران خان

تمام صوبوں میں دہشتگردوں کا تعاقب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے :عمران خان

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام صوبوں میں دہشت گردوں کا تعاقب کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پولیس کو غیر سیاسی بنایا جائے،حکومت کو اپنی ترجیحات درست کرنے کی ضرورت ہے۔ پیر کے روز لاہور میں جناح اسپتال میں لاہور بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔ آرمی پبلک سکول کے بعد لاہور میں بھی بچوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنا قابل مذمت ہے۔ دہشت گردی کی کارروائیاں نبی اکرمؐ کے پیغام کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام صوبوں میں آپریشن شروع کیا جائے دہشت گرد جس صوبے میں بھی ہیں انکو ڈھونڈ کر نکالا جائے اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو سیاسی فائدے کے لئے استعمال نہ کیا جائے۔ پولیس کو سیاسی کارروائیوں اور انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ حکومت پولیس کو غیر سیاسی بنائے۔ جب ہم پولیس کو اعلیٰ شخصیات کی سیکیورٹی پر لگا دیں گے تو پھر مشکل حالات میں ہمیں رینجر کو بلانا پڑتا ہے۔ اگر ہم پولیس کو ان کاموں میں کم الجھائیں گے تو ہی پولیس اپنا اصل کام کر پائے گی۔

مزید : کراچی صفحہ اول