دہشتگردوں کے ہمدرد حکمرانوں نے منصوبہ بندی کے تحت آپریشن کو تاخیر کا شکار بنایا، طاہر القادری

دہشتگردوں کے ہمدرد حکمرانوں نے منصوبہ بندی کے تحت آپریشن کو تاخیر کا شکار ...

  

ملتان (سٹی رپورٹر) اپاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے جنوبی پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن بہت پہلے شروع ہو جاتا تو گلشن اقبال پارک جیسے دلخراش سانحہ سے بچا جا سکتا تھا۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ کیا دہشتگردوں کے خلاف کسی بھی(بقیہ نمبر9صفحہ12پر )

جگہ آپریشن شروع کرنے سے قبل سینکڑوں لاشوں کا گرنا ضروری ہے؟وسطی پنجاب اور شمالی پنجاب میں آپریشن کیلئے بھی گلشن اقبال پارک جیسے سانحات کا انتظار کیا جائیگا؟پنجاب کے حکمران بتائیں قومی ایکشن پلان پر عمل کیوں نہیں کیا؟ ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آپریشن کا دائرہ صوبہ بھر تک بڑھایا جائے اور دہشتگردوں اوران کے سہولت کار سیاسی ہوں یا غیر سیاسی انہیں بے نقاب کیا جائے۔وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کررہے تھے، اجلاس میں خرم نوازگنڈاپور، میجر(ر) محمد سعید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق للہِ ،سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی اور ساجد بھٹی نے شرکت کی۔ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ آرمی چیف کے حکم پر جنوبی پنجاب میں شروع ہونے والا یہ آپریشن لاہور کے 72 بے گناہ شہریوں کو مارنے والے دہشتگردوں کے خاتمے تک محدودنہیں رہنا چاہیے بلکہ کالعدم تنظیموں، دہشتگرد گروپوں ،فکری انتہا پسندی کے مراکز کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرانے والے درندوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے تک جاری رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ہمدرد موجودہ حکمرانوں نے منصوبہ بندی کے تحت طویل عرصہ تک پنجاب میں آپریشن کو تاخیر کا شکار بنایا اور پسماندہ اضلاع میں غربت کو ختم کرنے کیلئے مختص کیے گئے فنڈ زبھی نیلی، پیلی بسوں کے منصوبوں پر اڑائے ، قومی وسائل انسانی جان کے تحفظ کے بجائے عیاشی کے منصوبوں پر خرچ کیے گئے جس کا نتیجہ پسماندہ اضلاع سے خودکش بمبارآنے کی صورت میں بے گناہ اور معصوم شہری بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور کرپشن کے خلاف 28 مارچ کو جو اے پی سی منعقد کرنی تھی اسے سانحہ گلشن اقبال پارک کی وجہ سے ملتوی کر دیا ۔اے پی سی کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کرینگے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -