سانحہ لاہور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،شمس سواتی

سانحہ لاہور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،شمس سواتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈ ی (نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی اور جنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد نے لاہور میں ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ لاہور کے گلشن پارک میں ہونے والے د ھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا نہایت ہی بہیمانہ حرکت ہے ۔ کسی مسلمان کا یہ کام نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے ہندوستانی ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری کے بعد اس طرح کا واقعہ ہر پاکستانی کو سوچنے پر مجبور کر رہا ہے۔ حکومت ان دونوں واقعات کے بارے میں عوام کو اعتماد میں لے اور پس پردہ حقائق کو سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی سیکیورٹی صورتحال کی قلعی کھُل گئی ہے ۔ پولیس اور سیکیورٹی ادارو ں کو حکمرانوں کی سیکیورٹی پر لگا دیا گیا ہے ۔ جبکہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔معصوم لوگوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری پنجاب حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ حکمران کب تک فوٹو سیشن اور بیانات سے عوام کو بے وقوف بناتے رہیں گے۔