مہاجروں کو سب سے زیادہ نقصان قیادت نے پہنچایا ،ڈاکٹرسلیم حیدر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ 1986ء سے لے کر اب تک ہم مہاجروں پر ہونے والے مظالم اور ان حالات کی نشاندہی کراچی سے لے کر سکھر تک کرتے رہے ہیں ۔ ہم نے مہاجر قوم کو آگاہی فراہم کرنے اور انہیں مہاجر حقوق کے حوالے سے بیدار کرنے کیلئے تمام تر وسائل کو استعمال کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کیا۔ مہاجر قوم گواہ ہے کہ ہم نے ان حالات کی نشاندہی 15 سے 20سال قبل ہی کردی تھی ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مہاجروں کو سب سے زیادہ نقصان خود مہاجر نادان قیادت نے پہنچایا ہے اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ شخصیت پرستی کی سیاست مہاجروں کیلئے زہر قاتل ہے۔ اب بھی وقت ہے کہ مہاجر شخصیت پرستی کی سیاست چھوڑ کر قوم پرستی کی سیاست کریں اور اپنے حقوق کیلئے متحد ہوکر اُٹھ کھڑے ہوں۔ کیونکہ مہاجر دشمن قوتیں مہاجروں کو تقسیم اور تنہا کرنے کیلئے نت نئی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج مہاجروں کی وہ قد آوور شخصیت یا تو موجود نہیں ہے یا پھر مصلحت کا شکار ہوچکی ہیں جو مصائب کے ان ایام میں مہاجر قیادتوں کی رہنمائی فراہم کیا کرتی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم آئی ٹی مہاجر حقوق کی بانی جماعت ہے اور ہمیں یہ فخر حاصل ہے کہ ہم نے بغیر کسی سرکاری مراعات اور مفاد کے اپنے وسائل کی بنیاد پر مہاجر حقوق کی جنگ لڑی اور خون کے آخری قطرے تک لڑتے رہیں گے۔ دہشت گردی کیخلاف احتجاج کرنے پر خود ہمیں دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور آج جو چیخ چیخ کر اپنی بے گناہی کا ثبوت دے رہے ہیں وہ خود ہمیں مہاجر حقوق کی جدوجہد سے روکنے کیلئے دہشت گردی کرتے رہے۔