رینجرز اورپولیس کی کارروائی ،3ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

رینجرز اورپولیس کی کارروائی ،3ملزمان گرفتار ،اسلحہ برآمد

  

کراچی(کرائم رپورٹر) شہر قائد میں پاکستان رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث 3 ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو محمد فاروق اعوان نے کہا ہے کہ ایس آئی یو اور رینجرز اسپیشل ٹاسک نے مشترکہ طور پر پی ای سی ایچ ایس سوسائیٹی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کارروائی کی۔ اس دوران شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث گروہ کے 3 ملزمان توفیق احمد جاگیرانی ولد محمد جاگیرانی، محمد عدنان ولد محمد عرفان اور کاشف علی ولد کریم بخش کو مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے وقت ملزمان کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی فاروق اعوان کے مطابق ملزمان کا یہ گروہ عارضی بنیادوں پر شہریوں کو اغواء کرکے تاوان کی رقم وصول کیا کرتا تھا۔ ملزمان کے گروہ کے نشاندہی 6 ماہ قبل کرلی گئی تھی تاہم ملزمان ہماری گرفت میں نہیں آ رہے تھے۔ ملزمان ٹیکینکل طریقے سے شہر کے پوش علاقوں میں تاجروں، سرکاری افسران اور صنعت کاروں کے اہل خانہ کو عارضی طور پر اغوا کر کے تاوان کی رقم کی عوض رہا کرتے تھے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے گرفت میں آنے سے قبل ہی موقع واردات سے فرار ہوجاتے تھے۔ ملزمان نے 12 مارچ کو ڈیفنس فیز6 خیابان شہباز سے اسٹیل کے تاجر کے بیٹے 14 سالہ کاشان الرحمن کو کار ڈرائیو کرتے ہوئے اغوا کرلیا تھا اور اس کے والد سے 1 کروڑ روپے تاوان کا مطابہ کیا تھا۔ بعد ازاں ساڑھے 3 لاکھ روپے وصول کرنے کے بعد مغوی کو رہا کیا گیا۔ جس کا مقدمہ 124/16 درخشاں تھانے میں زیر دفعہ 365/A/34 درج ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر چھاپہ مار کر تاوان کی مد میں وصول کی گئی 2 لاکھ روپے کی رقم، 2 عدد 12 رائفلیں ایک 22 بور رائفل، 2 نائن ایم ایم پستول، ایک 32 بور ریوالور، جعلی ناموں سے مختلف کمپنیوں کی سمیں اور ایک عدد بلٹ پروف جیکٹ برآمد کرلی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کو طریقے سے گرفتار ملزمان کے گروہ کے باقی ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ گرفتار ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -