چارسدہ میں پولیس کا مسجد پر چھاپہ ،4 عبادت گزار گرفتار

چارسدہ میں پولیس کا مسجد پر چھاپہ ،4 عبادت گزار گرفتار

  

چارسدہ (بیورورپورٹ) قانون کے رکھوالوں کا خدا کے گھر پر چھاپہ ۔ختم القرآن میں شریک اللہ کے چار عبادت گزاروں کو گرفتار کرکے دو کلو میٹردورتھانے تک جانوروں کی طرح ہانک کر لے گئے ۔ شیر دل پولیس جوانوں نے راہ چلتے خواتین کے سامنے گرفتار افراد کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا کر خوب تماشا بنادیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ پڑانگ پولیس کے درجنوں پولیس اہلکاروں نے شنگی آباد ماجوکی میں خدا کے گھر پر چھاپہ مار کر مسجد کی بے خرمتی کی اور ختم القرآن اور عبادت میں مشعول چار عباد ت گزاروں خالد خان ،احسان ،عمر زادہ اور خوشحال کو گرفتار کرکے بد ترین تشدد کا نشانہ بنا یا ۔ قانون کے رکھوالوں نے گرفتار نوجوانوں کو سر راہ چلتے خواتین کے سامنے کھڑا کرکے خوب مذاق اڑایا ۔ پولیس نے انسانیت اور اخلاقی اقدار کا بھی خوب مذاق اڑایا اور گرفتار افراد کو ایک دوسرے کے کپڑوں سے باندھ کر دو کلو میٹرتک پیدل تھانے لے گئے اور سر راہ تشدد کا نشانہ بنایا ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے گرفتار افراد نے کہا کہ ان کے خلاف جوئے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے بھلا خدا کے گھر میں کوئی جواء کھیل سکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے انصاف کی فراہمی اور واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -