پشاور ،ٹیکس جمع نہ کرنے پر ڈینز ٹریڈ سنٹر میں کئی دکانیں سیل
پشاور( پاکستان نیوز)پچھلے دنوں کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی طرف سے ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف جاری مہم میں مالیاتی سال ختم ہونے تک ٹیکس جمع نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران ڈینز ٹریڈ سنٹر پشاور کینٹ میں کئی دُکانیں سیل کی گئیں۔ ڈینز ٹریڈ سنٹر کے مالکان کا بروقت پراپرٹی ٹیکس جمع نہ کرنے کے سبب کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے عملے بشمول ریونیو سُپرانٹنڈنٹ عمران عباس، انچارج وارڈ نمبر 4 پیر جواد علی شاہ اور مجسٹریٹ حامد علی نے دُکانوں کو سیل کیا۔ جس کے ردِ عمل میں مسمی محمد جنُید ولد محمد رسول(حصہ دار و سربراہ ڈینز مینجمنٹ) نے ہمراہِ کرایہ داران مسلح ھتیارسے لیس، سیل شُدہ دُکانوں کی سیل توڑدیں ،اور کینٹ بورڈ پشاور کے عملے کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیارکرتے ہوئے سرِ عام دھمکیاں دیں۔جس پرکنٹونمنٹ بورڈ حکام کی طرف سے انچارج وارڈ نمبر 4پیر جواد علی شاہ کی مدعیت میں تھانہ شرقی پشاور کینٹ میں ڈینز ٹریڈ سنٹر کے حصہ دار کے غیر اخلاقی رویے اور دھمکی آمیز رویے پر ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے، اور ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی۔