او آئی سی کاسانحہ لاہور پر شدید غم و غصہ کا اظہار

او آئی سی کاسانحہ لاہور پر شدید غم و غصہ کا اظہار
او آئی سی کاسانحہ لاہور پر شدید غم و غصہ کا اظہار

  


جدہ (محمد اکرم اسد) او آئی سی نے سانحہ لاہور پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے خود کش حملے کو مجرمانہ دہشت گردی قرار دیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ایاد مدنی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ زخمیوں کی فوری شفایابی کی دعا کی ہے۔ پاکستانی حکومت، قیامت اور عوام دہشت گردی اور مجرمانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے سلسلے میں تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ایاد مدنی نے کہا کہ اس سانحہ نے تمام علاقائی اور بین الاقوامی موثر فریقوں کو ایک بار پھر ان کے فرائض کا پوری شدت کے ساتھ احساس دلایا ہے، دہشت گردوں گروہوں کے خاتمے اور دہشت گردی کے اسباب سے نمٹنے کے لئے مشترکہ جدوجہد اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان انسانیت سوز جرائم کی پشت پناہی کرنے والوں کا احتساب لازم ہے۔ امن پسند شہریوں کی زندگیوں کو خطرات میں مبتلا کرنے والوں کا تعاقب کیا جانا ضروری ہے۔ ایاد مدنی نے شہریت کے حوالے سے اقلیتوں کے حقوق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں سکون و اطمینان کے ساتھ اپنے شعائر ادا کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ اس طرح کی دہشت گردی مسلمانوں اور غیر ملکیوں دونوں کو یکساں طور پر دکھ دے رہی ہے۔ انہوں نے عالمی اسلامی فقہ اکیڈمی سے کہا کہ وہ اس قسم کے جرائم کی ذمہ داری قبول کرنے والے افراد کو مجرم گرداننے کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد کریں۔ مزید برآں رابطہ عالم اسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللہ الترکی نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی تنظیموں اور قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہوکر کام کریں۔

مزید : عرب دنیا