مہنگائی اور گرمی یکایک آئی ، عوام پریشان ہوگئے

مہنگائی اور گرمی یکایک آئی ، عوام پریشان ہوگئے

  

سیاسی ڈائری لاہور

گرمی اور مہنگائی یکایک آئی اور شہریوں کو بے حال کردیا، درجہ حرارت میں ایک دم اضافہ ہوا جو 38سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اسی طرح مہنگائی نے کمال کیا کہ ایک روز انڈے 72روپے فی درجن تھے دوسرے روز 95روپے پر پہنچ گئے اور پھر ایک سو روپے فی درجن ہوگئے۔ اسی طرح مرغی کے نرخوں میں 155روپے فی کلو سے 230روپے فی کلو تک اضافہ ہوا جو یکایک مزید مہنگی ہوئی اور آج( تحریر کے روز)270 روپے فی کلو بک رہی تھی یوں صرف دو ہفتوں کے دوران قیمت میں ایک سو پندرہ روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح سبزیوں اور فروٹ کے دام بھی بڑھ گئے اور قیمتیں پہنچ سے باہر محسوس ہونے لگیں، عوام کے مطابق ابھی تو ماہ رمضان المبارک میں قریباً دو ماہ باقی ہیں اور منافع خور مافیا میدان عمل میں آگیا ہے، اس صورت حال نے حکومت کی طرف سے کئے جانے والی ترقیاتی کاموں کی تعریف کو بھی متاثر کیا کہ اب لوگ مہنگائی کا رونا رورہے اور ٹماٹر تلاش کرتے پھرتے ہیں، تاجر حضرات کے مطابق پہلے تو مرغی، انڈے اور آٹا وغیرہ سمگل ہو کر افغانستان جاتے تھے اب ایک طرف افغان پاک بارڈر کھل گیا ہے تو دوسری طرف متحدہ امارات میں پاکستان سے مرغیوں کی درآمد پر عائد پابندی بھی ختم کردی گئی اور یوں مرغی، انڈے اور بعض سبزیاں برآمد ہونا شروع ہوگئی ہیں اور یہاں نرخ متاثر ہوئے ہیں حکومت کی مشینری صورت حال کو سمجھنے اور بحال کرنے میں بالکل ناکام نظر آرہی ہے اور لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔

دوسری طرف گزشتہ ہفتے ایک دو بارشوں کے باعث کم از کم درجہ حرارت 8سنٹی گریڈ تک ہوا، جواب دھوپ لگنے سے 23سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38سنٹی گریڈ تھا، یوں بہار کے رنگ بھی پھیکے پڑ گئے اگرچہ عوام سہ پہر کے بعد پارکوں میں تفریح کے لئے جارہے ہیں، اس سلسلے میں شہریوں کی شکائت بجا ہے کہ اس مرتبہ شجر کاری کے اعلان نظر آئے شجر کاری دکھائی نہیں دی اور شہر کی آبادیوں والی پارکیں ویران اور خشک نظر آنے لگی ہیں، پی ایچ اے کا عملہ دیکھ بھال نہیں کررہا۔

اس ہفتے کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق لاہور پریس کلب کے مہمان تھے جہاں انہوں نے صاف گوئی سے گفتگو کی اور کہا کہ اب پاکستان ٹیم کو باؤلنگ کا مسئلہ درپیش ہے جبکہ حالیہ سیریز میں بیٹنگ بری طرح ناکام ہوئی اس کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور ویسٹ انڈیز کے لئے ممکن حد تک بہتر ٹیم منتخب کی گئی ہے ان کا کہنا تھا کہ فکسنگ کے معاملات سامنے آنے پر ملک کی بدنامی ہوئی اور جس نے ایسا کیا وہ قابل معافی نہیں ہے اسے مقررہ سزا بھی بھگتنا ہوگی۔ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے، مکمل ہونے پر ہی سلسلہ آگے چلے گا سوالات کے جواب میں انہوں نے سلمان بٹ کو بھی کھلانے کا اشارہ دیا اور کہا کہ وہ اپنی سزا بھگت چکے ہوئے ہیں۔

سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی متحرک نظر آئی کہ آصف علی زرداری لاہور میں مقیم ہیں وہ کارکنوں سے مل رہے ہیں ان کے مطابق وہ پارٹی کو مقابلے کے لئے تیار کررہے ہیں، آصف علی زرداری نے عزیز الرحمن چن کی رہائش گاہ پر کہا کہ اب پیپلز پارٹی کھلے ہاتھوں سے الیکشن میں حصہ لے گی اور کامیابی بھی حاصل کرے گی، اتوار کو آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی لاہور کے سابق صدر حاجی عزیز الرحمن چن کے گھر ظہرانے میں میں شرکت کی ۔ جہاں اخبار نویس بھی آئے ہوئے تھے اور وہیں انہوں نے الیکشن کی تیاری کے لئے کہا اور بتایا کہ ان انتخابات میں ہمارے آنکھ اور کان بند نہیں کئے جائیں گے اور پیپلز پارٹی بھر پور طور پر حصہ لے گی۔

ادھر ڈاکٹر جہانگیر بدر(مرحوم) کی رہائش پر بھی میڈیا کا اجتماع ہوا، ان کے صاحبزادوں علی بدر اور جہاں زیب بدر نے صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کا شکریہ ادا کرنے کے لئے ناشتے کا اہتمام کیا اس تقریب میں میڈیا کا رکنوں کی بھاری تعداد اور سینئر حضرات نے بھی شرکت کی، علی بدر نے سب کا استقبال کیا، ان کا شکریہ ادا کیا کہ میڈیا کی کوریج کے باعث ان کی اور اہل خانہ کی بڑی دلجوئی ہوئی اور ان کو صدمہ برداشت کرنے میں مدد ملی۔

یوم پاکستان کی تقریبات لاہور میں بھی منائی گئیں۔ مزار، اقبال پر گارڈ کی تبدیلی ہوئی ہے، واہگہ اور گنڈا سنگھ والاپر پرچم اتارنے کی تقریبات ولولہ انگیز تھیں۔ اس لحاظ سے لاہور کا ہفتہ رفتہ بڑی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔

مزید :

ایڈیشن 1 -