انتخابات میں کلین سویپ کرکے مخالفین کا صفایا کریں گے پرویز خٹک

انتخابات میں کلین سویپ کرکے مخالفین کا صفایا کریں گے پرویز خٹک

  

پشاور ڈائری

پاک افغان سرحد پر آمد ورفت کی پابندی ختم ہوتے ہی مہنگائی کا بدترین طوفان ابھر کر سامنے آگیا سرحد کی مکمل بندش کے باعث پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی تھی جبکہ اس کے برعکس افغانستان میں اجناس کی قیمتوں میں ایک ہزار فیصد تک اضافہ ہوا لیکن افغان سرحد کھلتے ہی معاملات ایک دم الٹ گئے افغانستان میں اجناس کی قیمتیں کم اور خیبر پختونخوا میں بے لگام ہوگئیں تمام اقسام کی سبزیوں، چکن، انڈے، گھی اور کوکنگ آئیل کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوئیں خصوصا سبزیوں کی قیمتوں میں تین سو فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا اچانک سامنے آنے والی غیرمعمولی مہنگائی پر ہر آدمی چیخ رہا ہے مگر حکومت اور ضلعی انتظامیہ اس معاملے پر کہیں بھی نظر نہیں آرہی تاجر حضرات خود ہی حکومت خود ہی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹر اور خود ہی آڑھتی بن گئے، جبکہ حکومت ان تمام حالات سے بے نیاز ہو کر سیاست سیاست کھیلنے میں مصروف ہے۔

صوبائی حکومت نے قبائلی علاقوں پر مشتمل فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے اس پر شدید احتجاج کیا اور فارمولے کو وفاقی حکومت کا ٹوپی ڈرامہ قرار دیا ہے۔ فارمولے کے تحت خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کے باوجود قبائلی علاقوں کے اختیارات وفاق کے پاس رہیں گے ۔ فاٹا سے صوبائی اسمبلی کے اراکین منتخب ہوں گے مگر ان کا دائرہ کار صرف وزیر اعلیٰ کے انتخاب تک محدود رہے گا صوبائی حکومت نے ان اصلاحات کو ن لیگ کی سازش اور ایک کھلا فراڈ قرار دیا ہے۔ صوبائی حکومت انضمام کے بعد قبائلی علاقوں کی مکمل اتھارٹی کا تقاضا کررہی ہے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت کو نہ صرف ایک سے زاید خطوط لکھے جا چکے ہیں، بلکہ اختیارات کے حصول کے لئے صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ بھی جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) فاٹا سے اپنے 23ایم پی ایز جتا کر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ لہٰذا اب صوبائی حکومت اس بات پر مجبور ہو گئی ہے کہ وہ اپنا حق لینے کے لئے سپریم کورٹ جائے جہاں پر فاٹا کے انضمام میں تمام آئینی تقاضے پورے کرنے کی استدعا کی جائے گی صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد شاہ فرحان نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ نے ریفارمز کمیٹی وزیر اعلیٰ، کورکمانڈر اور چیف سیکرٹری کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

فاٹا کے مسئلے پر صوبائی حکومت کا احتجاج ابھی جاری تھا کہ اس دوران وزیر اطلاعات اور وزیر اعلیٰ کے خصوصی مشیر مشتاق غنی کی والدہ کی خبر آگئی اس ہنگامی صورت حال میں ایک مشیر نے پشاور سے ایبٹ آباد تک کے سفر کے لئے وزیر اعلیٰ کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا تو ایک ہنگامہ کھڑا ہوگیا، ہیلی کاپٹر کی اچانک پرواز اور ایبٹ آباد لینڈنگ سے انتظامیہ سمیت کرکٹ کے کھلاڑیوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہیلی کاپٹر نے کرکٹ سٹیڈیم میں لینڈنگ کی جہاں انڈر 17کا ٹرائل جاری تھا انتظامیہ نے ٹرائل رکوا کر سٹیڈیم خالی کرادیا جس پر کھلاڑیوں کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی احتجاج کیا مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے جو موقع کی تلاش میں سرگرداں پھر رہے تھے اس واقعے کو آڑئے ہاتھوں لیتے ہوئے ہنگامی پریس کانفرنس کر ڈالی اور صوبائی حکومت سمیت تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے اپنے دل کی بھڑاس نکالی امیر مقام نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ سرکاری وسائل استعمال کرنے پر صوبائی حکومت کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے اور دنیا کو دکھائیں گے کہ تبدیلی کے دعویداروں کا اصل کردار کیا ہے۔ امیر مقام کے جواب میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی مسلم لیگ (ن) پر خوب برسے اپنے حلقہ نیابت کے جلسوں میں پرویز خٹک نے کہا کہ پاناما کیس نے کرپٹ سیاستدانوں کو اپنی موت ماردیا۔ مخالفین ٹوٹ چکے ہیں اب عوام کو کرپٹ سیاستدانوں کی ضرورت باقی نہیں رہی پی ٹی آئی کے خلاف اب کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی مخالفین کچھ بھی کرلیں مستقبل تحریک انصاف کا ہے کلین سویپ کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ امیر مقام بھی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں کلین سویپ کریں گے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ کون کلین سویپ کرئے گا مگر فی الوقت دہشت گردوں کے مختصر گروہ صوبے بھر میں موقع ملتے ہی پولیس اور فوج پر حملے کررہے ہیں اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک میجر اور جوان شہید ہوئے اگرچہ جوابی کارروائی میں 6دہشت گرد بھی مارئے گئے مگر ان ہلاکتوں کا پاک فوج کے شہدا کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جاسکتا یونیورسٹی روڈ پر تہکال کے علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی۔ جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل شہید اور ایک حملہ آور مارا گیا عام خیال یہ ہے کہ صوبائی حکومت کی طرف سے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدارآمد نہ کرنے کی وجہ سے آپریشن بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -