آسٹریلیا کو شکست ، بھارت نے ٹیسٹ سیریز 2-1سے اپنے نام کر لی

آسٹریلیا کو شکست ، بھارت نے ٹیسٹ سیریز 2-1سے اپنے نام کر لی

  

دھرم شالا (نیٹ نیوز) بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر چار میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ملنے والا 106 ہدف بھارتی ٹیم نے بآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ راویندرا جدیجہ کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم کو میچ میں کامیابی کیلئے 87 رنز درکار تھے جو میزبان ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے کینگروز کو میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو دھرم شالا میں ٹیسٹ کے چوتھے بھارت نے اپنی دوسری نامکمل اننگز بغیر کسی نقصان کے 19 رنز پر دوبارہ شروع کی تو لوکیش راہول 13 اور مرلی وجے 6 رنز پر کھیل رہے تھے اور بھارتی ٹیم کو میچ میں فتح کیلئے 87 رنز درکار تھے۔ مرلی وجے بھارت کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 8 رنز بناکر کیومنز کی گیند پر ویڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، چیتشوار پوجارا بھارت کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو کوئی رن بنائے بغیر میکسویل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد لوکیش راہول اور اجنکیا رہانے نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف پورا کردیا۔ لوکیش راہول 51 اور اجنکیا رہانے 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہوگئے اور یوں بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر چار میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ راویندرا جدیجہ نے میچ کے ساتھ ساتھ پوری سیریز میں بھی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس عمدہ پروفارمنس پر انکو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس میچ میں کپتان ویرات کوہلی کی جگہ اجنکیا رہانے کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کیونکہ وہ چوٹ کے سبب میچ سے باہر ہوگئے تھے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -