دہشتگردی کے خلاف قوم کے عز م کو کمزور نہیں کیا جا سکتا،نصیر احمد
لاہور( نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے رہنماء نصیر احمد، وقاص پرنس، خواتین ونگ لاہور کی رہنماء بیگم بشراء ملک، منیارٹی ونگ کے رہنماء عمران افیق اٹھوال، نسیم سہوترا، علماء ونگ کے رہنماء ڈاکٹر بدر دین اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے گلشن اقبال پارک لاہور بم دھماکہ کو ایک سال مکمل ہونے پر شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 70000/- سے زائد جانوں کا نذرانہ دے کر بھی دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کے آگے سر نہیں جھکایا پاکستان کی عوام دہشت گردی کے خلاف ہیں۔
اور دہشت گردوں کے خلاف قوم کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دورِ حکومت میں سوات اور مالاکنڈ سے دہشت گردوں کاصفایا کیا تھا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو بھی دہشت گردی کے خلاف اصولی موقف اپنانے پر شہید کیا گیا۔