چڑیا گھروں کے لئے نئے جانوروں اور پرندے خریدنے کا فیصلہ

چڑیا گھروں کے لئے نئے جانوروں اور پرندے خریدنے کا فیصلہ

  

لاہور( لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے صوبہ بھر کے ریجنل افسران کو منظور شدہ سکیموں کے تحت ان کے علاقوں میں قائم وائلڈلائف پارکس اور چڑیا گھروں کیلئے نئے جانور وں اور پرندوں کی خریداری کیلئے فوری طور پر اشتہار دینے اور پیپراکی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کروانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں صوبہ بھرکے ریجنل افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چودھری شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ عامر مسعود ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف حسن علی سکھیرااور انچارج مانیٹرنگ اینڈ اویلیوایشن میاں حفیظ احمد کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ، ڈی جی جنگلی حیات نے کہا کہ تمام افسران جاری ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار تیز کریں اور ہفتہ میں ایک بار کئے گئے کاموں کے تصاویری ثبوت پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ منی زو تونسہ کیلئے زمین کے حصول کے معاملات طے پاگئے ہیں اور اس منصوبے پر جلد کا م شروع کیا جائے ۔خالد عیاض خان نے بتایا کہ لاہور چڑیاگھر کے لئے جانوروں کی خریداری کیلئے مشتہر کردہ ٹینڈرز 04اپریل کو کھولے جائینگے اور تمام قواعدو ضوابط پر عمل کرتے ہوئے ورک ایوارڈ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں سرگرمی کا مظاہرہ نہ کرنیوالے افسران کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تفویض کردہ فرائض سے عہدہ برآ ہونا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران خالی آسامیوں کی فہرستیں جلد ہیڈ آفس روانہ کریں تاکہ اعلیٰ حکام سے منظوری حاصل کرکے انہیں پر کیا جا سکے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -