آپریشن ردالفساد ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا : جنرل باجوہ
راولپنڈی،بہاولپور(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز،آن لائن) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آپریشن رد الفساد ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا،دہشتگردی کے خلاف جنگ نے پاک فوج کو دنیا کی بہترین فوج بنا دیا ، پاک فوج کے نوجوان افسر میرا فخر ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر( کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا جہاں انہیں بہاولپور کور کی آپریشنل تیاریوں اوراندرونی سکیورٹی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آپریشنز میں نوجوان افسروں اور جوانوں کی مثالی کارکرد گی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن رد الفساد ہمارے ملک میں دیرپا امن و استحکام لائے گا، ہمارے سپاہی پاک فوج کی اصل طاقت ہیں جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربہ نے ہماری فوج کو سخت جان بنادیا اوراس تجربہ نے ہمارے فوجیوں کو روایتی جنگ کیلئے بھی بہتر تیار کیا ہے۔ سکیورٹی آپریشنز کے دوران فوجی جوانوں اور افسران کی مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے جاری سکیورٹی آپریشنز میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔ آرمی چیف نے فوج کی سطح پر ان کی فلاح کیلئے مختلف فلاحی سرگرمیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا جن میں ان کے خاندان کیلئے ہیلتھ کئیر،تعلیم ، اور معیاری زندگی شامل ہیں۔بعد ازاں آر می چیف نے سی ایم ایچ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بہاولپور کاافتتاح بھی کیا۔ میڈیکل کالج میں روں سال ایم بی بی ایس کے 100 اور بی ڈی ایس کے 50 طلباء کا پہلا بیج ہوگااور آئند ہ سال سے اس میں اضافہ کیا جائے گا،اس موقع پرجنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج نیشن بلڈنگ میں اہم کردار اداکررہی ہے اور سی آئی ایم ایس بہاولپور اس سلسلے میں ایک دوسری اضافی مثال ہے۔ قبل ازیں بہاولپور پہنچنے پر کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا،دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ دنوں اورکزئی ایجنسی میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر مدثر کے گھر جاکر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر میجر مدثر کے والدین اور بیوہ نے ان کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا جس پر آرمی چیف نے کہا کہ شہادت پر فخر کرنے والی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔