اشیا ئے خوردونوش کی قیمتوں میں اچانک اضافے سے عوام پریشان ہو گئے : سراج الحق

اشیا ئے خوردونوش کی قیمتوں میں اچانک اضافے سے عوام پریشان ہو گئے : سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک بھر میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اچانک اور بے تحاشا اضافے نے عوام کو پریشان کر دیاہے ۔ مرغی کے گوشت ، سبزیوں اور پھلوں میں عوام دشمن اضافے کا رجحان مسلسل جاری ہے اور یوں لگتاہے کہ ملک میں مردم شماری کے ساتھ ہی مہنگائی بھی لوگوں کے گھروں میں گھس گئی ہے ۔ عام استعمال کی چیزیں عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں ۔ کرپشن دیمک کی طرح قومی معیشت کو چاٹ رہی ہے ۔ نیب سمیت کرپشن کے سدباب کے لیے بنائے گئے اداروں نے قوم کو سخت مایوس کیاہے اور نیب کرپشن روکنے کی بجائے کرپٹ لوگوں کا سہولت کار بناہواہے ۔جماعت اسلامی نوجوانوں کو ہراول دستہ بنا کر ملک بھر میں عوامی رابطے کی بہت بڑی تحریک شروع کررہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امراء جماعت اسلامی میں نئے خون کو شامل کرنے کے لیے ہر جگہ موثر اور دیانتدار لوگوں کو اپنا دست و بازو بنائیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں اپنی صدارت میں منعقدہ مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، نائب امر اء حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم ، اسداللہ بھٹو ، میاں محمد اسلم ، پروفیسر محمد ابراہیم اور چاروں صوبائی امرائے اور ڈپٹی سیکرٹریز جنرل جماعت اسلامی پاکستان نے شرکت کی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایک ہفتے کے اندر مہنگائی کا ایسا طوفان اٹھ کھڑاہواہے کہ کچھ سجھائی نہیں د ے رہا ۔ متوسط اور غریب طبقے کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ۔ پہلے لوگوں کو تعلیم وصحت کی سہولتیں دستیاب نہیں تھیں ، اب دو وقت کا کھانابھی مشکل ہوچکاہے ۔ مہنگائی نے عام آدمی کو اپنے پنجوں میں بری طرح جکڑ لیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹماٹر ، پیاز سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے لوگوں کے لیے دال سبزی کھانا بھی ممکن نہیں رہا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکمرانو ں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ منڈیوں میں ہر جگہ من مرضی کے نرخ لیے جارہے ہیں انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ یہ ڈھٹائی کی انتہا ہے کہ حکمرانوں کے خلاف عدالتوں میں میگا کرپشن کے کیس چل رہے ہیں اور وہ جلسوں میں اپنی دیانتدار ی کے نعرے لگارہے ہیں ۔
سراج الحق

مزید :

علاقائی -