سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کے 121افسران کی تنزلی کا حکم دیدیا

سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کے 121افسران کی تنزلی کا حکم دیدیا

  

اسلام آباد (آن لائن ) سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کی رپورٹ کو درست قرار دیتے ہوئے پنجاب پولیس کے 121افسران کی تنزلی کا حکم دیدیا جبکہ دوران سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے ہیں کہ جو لوگ چھلانگ لگاکر آگے آئے ہیں انھیں واپس جانا ہوگا، سندھ میں تمام آؤٹ آف ٹرن پروموشن واپس کیں، فیصلوں سے متعلق جواب اللہ کو دیناہے اس لئے ہم ناانصافی نہیں کرسکتے۔جبکہ آؤٹ آف ٹرن پروموشن سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کو بھی برقرار رکھا ہے ،کیس کی سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی،پولیس افسران کی جانب سے خواجہ حارث،ملک قیوم،عائشہ حامد ایڈووکیٹ پیش ہوئے، دوران سماعت جسٹس امیر ہانی مسلم نے آوٹ آف ٹرن پروموش لینے والے افسران کے وکلاء سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ افسران بتائیں ریٹائرڈ منٹ لینی ہے یا عدالت فیصلہ کرے ، بہتر ہے افسران ریٹائرمنٹ لے لیں ہم فیصلہ دیں گے توافسران کے لیے مشکل ہو جائے گی ،جو لوگ چھلانگ لگاکر آگے آئے ہیں انھیں واپس جانا ہوگا،جس کی باری ہوگی اس کوہی آگے آنا چاہیے ،سندھ میں تمام آوٹ آف ٹرن پروموشن واپس کیں ،اگر محکمے صحیح کام کریں تو لوگ ہم تک نہ آئیں ،فیصلوں سے متعلق جواب اللہ کو دیناہے ،ہم ناانصافی نہیں کرسکتے ،افسران نے ساری زندگی پولیس میں گزار دی اب ریٹائرمنٹ لے لیں ،اپنے موکلان سے بات کر کے عدالت کو آج ہی آگاہ کریں ، دوران سماعت عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پر سخت برہمی کا اظہار کیا ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئیے کہا کہ کیوں نہ آپ کواور آپکے وزیرقانون کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیاجائے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ پنجاب کا وزیرقانون کون ہے ، جس پر ایڈوکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ رانا ثنااللہ وزیرقانون ہیں جبکہ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری نے رپورٹ میں کمیٹی کاذکر ہی نہیں کیا ،ہم اس بارے میں بھی آبزرویشن دیں گے ، عدالت نے کیس کی سماعت سمیٹتے ہوئے آوٹ آف ٹرن پروموشن لینے والے پولیس افسران کی اپیل خارج کردی آئی جی پنجاب کی رپورٹ کو درست قرار دیتے ہوئے آوٹ آف ٹرن پروموشن حاصل کرنے والوں کوڈی نوٹی فائی کرنے کاحکم دے دیا ۔ یا د رہے کہ آئی آئی جی پنجاب نے اپنی رپورٹ میں افسران کو ڈی نوٹی فائی کرنے کی سفارش کی تھی ، عدالتی فیصلے کے بعد 121 پولیس افسران کو ڈی نوٹی فائی کیاجائے گا ۔

آؤٹ آف ٹرن پروموشن

مزید :

علاقائی -