نواز شریف پنجاب نہیں پورے پاکستان کا وزیر اعظم بنیں،پیپلز پارٹی

نواز شریف پنجاب نہیں پورے پاکستان کا وزیر اعظم بنیں،پیپلز پارٹی

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی نے قرار دیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنی گڈ گورنینس پر توجہ دیں اور صرف پنجاب کا وزیراعظم بننے کی بجائے پورے ملک کا وزیراعظم بنیں وہ دوسروں پر تنقید کے نشتر برسانے کی بجائے اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کے صوبے کی حالت زار کو بھی دیکھ لیں جہاں کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی اموات ہو رہی ہیں اور اس صوبے کے ڈاکٹرز ‘ٹیچرز‘ نرسیں تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد آئے روز احتجاج کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں کیا پنجاب کے عوام کو بھی ان سے پوچھنا چاہئے کہ وہ پنجاب کے حاکم سے حساب کیوں نہیں لیتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ‘مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد ‘فیصل میر‘ میاں محمد ایوب‘فائزہ ملک اور عثمان ملک نے اپنے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو چا ر سال تک پنجاب کے علاوہ کسی اور صوبے کے عوام کی حالت کو بہتر کرنے کا خیال نہیں آیا لیکن اب وہ اپنی انتخابی مہم پر نکل آئے ہیں اور عوا م کو دھوکا دینے کے لئے اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں لیکن عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور پنجاب کے عوام تو ے بھی پوچھنا چاہتے ہیں کہ ان کے چھوٹے بھائی صاحب نے الیکشن کے وقت کہا تھا کہ وہ اپنی حکومت کے ابتدائی چھ ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ختم کردیں گے لیکن اب تک بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس لئے ہم وزیراعظم کو یہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ پنجاب کی حالت کو بہتر کرنے کی طرف توجہ دیں کہیں ایسا نہ ہو کہ آئندہ الیکشن میں پنجاب بھی ان کے ہاتھ سے نکل جائے اور وہ منہ تکتے ہی رہ جائیں کیونکہ ہماری لیڈر شپ نے پنجاب میں ڈیرے ڈال لئے ہیں اور ہم آئندہ الیکشن میں سر پرائز دیں گے اور پنجاب سمیت ملک بھر میں حکومت بنائیں گے۔

پیپلز پارٹی ردعمل

مزید :

علاقائی -