استحکام معیشت کیلئے جدید علوم کی معیاری تعلیم ضروری ہے :ممنون حسین

استحکام معیشت کیلئے جدید علوم کی معیاری تعلیم ضروری ہے :ممنون حسین

  

اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے سائنس،ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبے میں طلبہ کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا قومی معیشت کے استحکام کیلئے نہایت اہم ہے۔ گزشتہ روز این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کی پہلی سینیٹ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا جامعات کو اعلیٰ معیار قائم رکھنے کیلئے اپنے انفرا سٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا چاہیے تاکہ طلبہ کو ایسا ماحول میسر آسکے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔کوئی قوم بہترین افرادی قوت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ انسٹیٹیوٹ کی سینیٹ ادارے کو درپیش مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریگی، انہوں نے ہدایت کی کہ سینیٹ کے اجلاس معمول کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ مسائل کا بر وقت حل ہو سکے اور یہ ادارہ سینٹر آف ایکسیلنس کے طور پر ابھرسکے۔میٹنگ میں این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 2017-18ء کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی اور تعلیمی، انتظامی، مالی اور سکیورٹی امور کے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کی ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی کی گئی۔

ممنون حسین

مزید :

کراچی صفحہ اول -