عوام کے مال وجان کی حفاظت پولیس کے فرائض میں شامل ہے ،ڈی آئی جی مردان

عوام کے مال وجان کی حفاظت پولیس کے فرائض میں شامل ہے ،ڈی آئی جی مردان

  

چارسدہ (بیورو رپورٹ) عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کا اولین فرض ہے۔ سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا خیبرپختونخوا پولیس کا طرہ امتیاز ہے، پولیس حالت جنگ میں ہے اچھے گفتار و اطوار سے عوامی تعاون کی بدولت دہشت گردی کے موجود ہ لہر پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ پوسٹنگ ٹرانسفر میرٹ پر کر دی گئی ہے، پولیس ایکٹ 2017 کے نفاز سے محکمہ پولیس ہر قسم کے دباو سے آزاد اور خودمختار فورس بن چکی ہے، آزادی کے ساتھ ساتھ کڑا احتساب بھی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی مردان ریجن محمد عالم شنواری نے چارسدہ پولیس لائن میں منعقدہ دربارمیں پولیس جوانوں سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ڈی آئی جی کے آمد پر چارسدہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ماڈل پولیس سٹیشن سرڈھیری میں سلامی پیش کی ۔سلامی کے بعد ڈی آئی جی مردان ریجن عالم شنوری نے ماڈل پولیس سٹیشن کا معائنہ کیااور تھانہ کا ریکارڈ چیک کیا۔ منعقدہ دربارمیں ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد، ایس پی انوسٹی گیشن پیر شہاب خان، سرکل کے تمام ایس ڈی پی اوز، تمام ایس ایچ اوز، ٹریفک سٹاف اور دیگر افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دربار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی مردان نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس میں کئے گئے اصلاحات کی بدولت ساوتھ ایشیاء کی بہترین پولیس فورس بن چکی ہے، چارسدہ پولیس نے بہت قربانیاں دی ہیں اور میں چارسدہ پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں، پورا پاکستان چارسدہ پولیس پر فخر کرتی ہیں جس نے دہشگردوں کاڈٹ کرمقابلہ کیا ، جس میں تنگی کچہری ، باچا خان یونیورسٹی اور شبقدر کچہری جیسے واقعات میں چارسدہ پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینکڑوں عوام کے جان بچاکر خود جامِ شہادت نوش کر گئے۔ڈی آئی جی مردان نے کہا کہ غریب عوام کی خدمت عین عبادت ہے، تھانہ جات میں FIR کا اندراج میرٹ کی بنیادپراللہ کو حاضر ناظر جان کر کریں،تھانہ جات ، چوکیات اور ناکہ بندیوں میں پولیس عوام کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئے کیونکہ عوام پولیس ہے اور پولیس عوام ہے،پولیس اصلاحات میں ڈی آر سی اور پولیس اسسٹینس لائنزکے قیام سے عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم ہوئے ہیں،ڈی آر سی کے اچھے نتائج سے عوام کے تنازعات حل ہورہے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -